لاڑکانہ: یار محمد کالونی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں صفائی نہ ہونے کے باعث جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے

ہفتہ 3 فروری 2018 18:00

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2018ء) لاڑکانہ شہر کے یار محمد کالونی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں گذشتہ کئی روز سے صفائی نہ ہونے کے باعث جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں جس کے باعث مرد، خواتین اور بچوں کو آنے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ علاقہ مکینوں نے یوسی چیئرمین کو شکایت کی تو ان کی جانب سے فنڈز کی عدم موجودگی کا جواز بناکر صفائی کروانے سے انکار کردیا گیا ہے جس کے باعث علاقہ مکینوں پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے علاقہ مکین محمد صالح کھوڑو، صدر الدین مگسی، دادن کلہوڑو لطف کورکانی، منیر مہیسر اور دیگر نے بتایا کہ گذشتہ کئی روز سے صفائی کا عملہ غائب ہے جس کے باعث یار محمد کالونی اور اس سے محلقہ علاقے گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے ہیں اور بدبو پھیلنے کے باعث مرد، خواتین اور بچوں کو آنے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی نہ ہونے پر یوسی چیئرمین ظفر علی شاہ کو شکایت کی جنہوں نے فنڈز کی عدم فراہمی کا جواز بناکر صفائی کروانے سے انکار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل صفائی نہ ہونے کے باعث کئی وبائی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے لیکن یوسی چیئرمین اور میونسپل عملہ علاقے سے غائب ہے جس کے باعث ہم گندگی اور بدبو میں زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ علاقہ مکینوں نے کمشنر لاڑکانہ ڈویزن، ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ، میئر لاڑکانہ سمیت دیگر حکام سے اپیل کی کہ صفائی ستھرائی کا کام شروع کرکے گندگی کے ڈھیر ختم کرکے عملے کو ڈیوٹی پر آنے کا پابند بناکر چھائی پریشانی دور کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں