مولانا ناصر خالد محمود سومرو ان کے تین بھائیوں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

پیر 12 فروری 2018 18:45

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2018ء) لاڑکانہ کی عدالت نے جی یو آئی رہنما مولانا ناصر خالد محمود سومرو ان کے تین بھائیوں کے قابل ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کردیئے، جی یو آئی رہنما کی بھائیوں سمیت اپنے وکیل کے ہمراہ متعلقہ عدالت سے ضمانت کروالی۔ تفصیلات کے مطابق تین ماہ قبل لاڑکانہ شہر کے مختلف علاقوں سے ٹرانسفارمر اتارنے پر جاری کشیدگی کے بعد سیپکو آفیس میں توڑ پھوڑ اور عملے کو حراسان کرنے کے مقدمے میں ففتھ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج کی عدالت نے جی یو آئی رہنما مولانا ناصر خالد محمود سومرو ان کے تین بھائیوں مولانا طارق خالد محمود سومرو، مولانا طاہر خالد محمود سومرو اور مولانا عطا الرحمٰن سومرو کے قابل ضمانت گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جس کے بعد جی یو آئی رہنما ناصر خالد محمود سومرو نے اپنے بھائیوں کے ہمراہ وکیل اطہر عباس سولنگی کے معرفت ففتھ سول جج اینڈ جڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں درخواست دائر کی جس پر عدالت نے ان کی ضمانت منظور کرلی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب رابطہ کرنے پر جی یو آئی رہنما مولانا ناصر خالد محمود نے بتایا کہ تین ماہ قبل ہم پر سیاسی انتقام کے طور پر مقدمہ درج کیا گیا جس کی انکوائری میں ہمارے نام خارج کیے گئے جس کے بعد عدالت نے ہمارے قابل ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کیے جس پر عدالت سے رجوع کیا گیا جہاں عدالت نے مجھ سمیت میرے بھائیوں کی ضمانت منظور کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ میں عوامی مسائل کے متعلق ہمارے احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں