میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ کے 55 ملازمین کو تین ماہ کی تنخواہیں نہ مل سکیں

منگل 21 اگست 2018 18:40

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ کے 55 ملازمین کو تین ماہ کی تنخواہیں نہ مل سکی۔ ملازمین اور ان کے بچے عیدالاضحیٰ کی خریداری اور قربانی کے جانور خرید نہ کرسکے ہیں، تنخواہیں نہ ملنے کی صورت میں ملازمین نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے سامنے دھرنے کا اعلان کردیا ہے۔ لاڑکانہ پریس کلب کے سامنے میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ کے ملازمین بابو سومرو، عرفان علی، صابر بھٹو اور دیگر نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے میئر لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن محمد اسلم شیخ کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔

اس موقع پر ملازمین کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کی طرح عیدالاضحیٰ کی بھی تنخواہ جاری نہ کرکے ہمارے گھر والوں کو فاقہ کی زندگی بسر کرنے پر مجبور کیا گیا جس کے باعث بچوں کو عید کی خریداری سمیت قربانی کے جانور خرید نہ سکے ہیں۔

(جاری ہے)

متعدد بار میئر محمد اسلم شیخ کو شکایتیں کرچکے جن کی جانب سے یقین دہانیاں کروائی جارہی ہیں۔ ملازمین نے پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سمیت دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ تنخواہیں جاری کی جائیں بصورت دیگر آج عیدالاضحیٰ کے روز گڑھی خدابخش بھٹو میں پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں