یوم عاشورہ کے موقع پر لاڑکانہ ڈویزن کے پانچوں اضلاع میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات

جمعرات 20 ستمبر 2018 23:12

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) محرم الحرام کے حوالے سے یوم عاشورہ کے موقع پر لاڑکانہ، قمبرشہدادکوٹ اور شکارپور سمیت لاڑکانہ ڈویزن کے پانچوں اضلاع میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے جبکہ مرکزی امام بارگاہ جاڑل شاہ اور امام بارگاہ جعفریہ سمیت ضلع بھر کی 180 سے زائد امام بارگاہوں سے ماتمی جلوس برآمد ہونے کے بعد نماز مغرب پاکستان چوک پر شام غریباں منعقد کی جائیگی۔

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی لاڑکانہ جاوید اکبر ریاض نے محرم الحرام یوم عاشورہ کے متعلق سیکیورٹی کے حوالے سے کہا ہے کہ لاڑکانہ ڈویزن میں مجموعی طور پر 1638 مجالس عزا اور 759 ماتمی جلوس برپا ہونگے جبکہ 130 مجالس عزا کو انتہائی حساس اور 488 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈویزن کے پانچوں اضلاع لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد، کشمور کندھ کوٹ اور قمبر شہداد کوٹ میں 90 ماتمی جلوسوں کو انتہائی حساس اور 283 کو حساس قرار دیا گیا ہے جس میں لاڑکانہ ضلع میں 50، قمبر شہدادکوٹ میں 179، شکارپور ضلع میں 235، جیکب آباد ضلع میں 268، ضلع کندھ کوٹ کشمور میں 259 مجالس عزا اور ماتمی جلوسوں کو انتہائی حساس اور حساس قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

لاڑکانہ ڈویزن میں محرم الحرام کے حوالے سے 16591 پولیس افسراں اور اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دینگے جبکہ انتہائی حساس اور حساس قرار دیے گئے ماتمی جلوسوں اور مجالس عزا پر رینجرز کو تعینات کیا گیا ہے اور واک تھرو گیٹس نصب کرکے سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں ڈی آئی جی آفیس لاڑکانہ اور پانچوں اضلاع کے ایس ایس پیز آفیسز میں کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی جاوید اکبر ریاض نے کہا کہ سندھ بلوچستان کی سرحدی پٹی پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں ہیں۔ دوسری طرف لاڑکانہ ضلع میں یوم عاشورہ کے موقعہ پر 180سے زائد نکلنے والے عزاداری و ماتمی جلوسوں میں 50 سے زائد ماتمی جلوسوں اور مجالس عزا کو انتہائی حساس قرار دیکر اسکاؤٹس، پولیس و رینجرز کے علاوہ خواتین پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے جبکہ امام بارگاہوں میں آنے والے عزادارین کو جامعہ تلاشی کے بعد داخل ہونے دیا جارہا ہے۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں