خواجہ فرید فائونڈیشن لاڑکانہ کی ’’تصوف اور نوجوان نسل‘‘ کے عنوان پر صوفیانہ تقریب

جمعرات 17 جنوری 2019 23:58

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) خواجہ فرید فائونڈیشن لاڑکانہ کی جانب سے "تصوف اور نوجوان نسل" کے عنوان پر شہر کے سٹیزن کلب میں صوفیانہ تقریب منعقد کی گئی جس میں مہمان خاص درگاہ خواجہ غلام فرید رحمت اللہ علیہ کے گدی نشین خواجہ معین الدین محبوب سائین، جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر میان مقصود احمد، علمائے مشائغ رابطہ کونسل کے رہنما برہان الدین عثمانی، ایڈیشنل کمشنر سلطان احمد کھوسو، خواجہ فرید فائونڈیشن لاڑکانہ کے صدر محمد سرور سالم، کوآرڈینیٹر محمد دائود میمن، سردار ظفر اللہ سانگی، فقیرگدا حسین گاد، ممتاز جویو، ندیم عباسی، مسعود انصاری، گل محمد جویو، حبیب الرحمٰن فریدی سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ معین الدین محبوب سائین نے کہا کہ ملک کرپشن اور دیگر مسائل کا شکار ہے حقیقی معنوں میں آج معاشرے کو انسانیت کے احترام اور رواداری کی جتنی ضرورت ہے شاید تاریخ میں پہلے نہ تھی، اب وقت آگیا ہے کہ حالات کو ٹھیک کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں برداشت بلکل ختم ہوچکی اور ہم تقسیم ہوگئے ہیں ان مسائل کے حل کیلئے تصوف کو اپنانا ہے، بہتر ہے کہ ہم صوفیائے کرام کی تعلیمات پر عمل کرکے امن، محبت اور بھائے چارے کو اپنائیں جس سے یہ مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام کے مزاروں پر بغیر رنگ نسل، مذہب اور زبان کے لوگ جوق در جوق آکر سکون حاصل کرتے ہیں۔ صوفیانہ تقریب میں صوفی گلوکاروں نے اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے لوگوں کو جھومنے پر مجبور کردیا جبکہ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعا بھی مانگی گئی۔

متعلقہ عنوان :

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں