لاڑکانہ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی میں "اویئرنیس اینڈ اپڈیٹ آن ہیلتھ اشوز" کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح

ہفتہ 19 جنوری 2019 22:44

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) لاڑکانہ میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ میڈیسن اینڈ الائیڈ سائنسز کی جانب سے "اویئرنیس اینڈ اپڈیٹ آن ہیلتھ اشوز" کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر انیلا عطا الرحمان اور پروفیسر خالد محمود نے کیا جس میں پہلے روز 28 ماہرین نے 14 ورکشاپس میں حصہ لے کر 250 ڈاکٹروں کو میڈیسن کے شعبے میں رونما جدت اور نئے تقاضوں کے متعلق ڈاکٹروں کو آگاہی فراہم کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر انیلا عطا الرحمان کا کہنا تھا کہ میڈیکل کے شعبے میں تحقیق کی بڑی اہمیت ہوتی ہے لیکن تحقیق ترقی پانے کے لیے نہیں بلکہ سماج کی فلاح کے لیے ہونی چاہیے، ہمیں تحقیق کے ساتھ ساتھ میڈیکل کے شعبے میں نئی ٹیکنالاجی کا خیر مقدم کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں قوی امید ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی جلد تحقیق کے میدان میں آگے نکلے گی اور مستقبل میں اس کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے، میں یہاں ملک کے مختلف شہروں سے آنے والے ماہرین کی شکر گزار ہوں۔

شعبہ میڈیسن کے ماہر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ میڈیکل کے شعبے کو جتنا عطائی ڈاکٹروں نے نقصان پہنچایا شائد کسی اور نے یہ نقصان پہنچایا ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس میری توقعات سے بھی بڑھ کر رہی کیونکہ میڈیسن کے موضوع پر سمپوزیم کروانا آسان کام نہیں۔ اس موقع پر ورکشاپ میں حصہ لینے والے 250 ڈاکٹروں کو اسناد، شیلڈز اور تحائف بھی دیئے گئے جبکہ پہلے روز کانفرنس میں مختلف ادویات کمپنیز کی جانب سے اسٹالز بھی لگائے گئے۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں