لاڑکانہ :یوم پاکستان کے موقع پر سندھ پولیس کی جانب سے قومی کرکٹرز کے درمیان میچ کا انعقاد

ہفتہ 23 مارچ 2019 20:06

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) یوم پاکستان کے پرمسرت موقع پر سندھ پولیس کی جانب سے قومی کرکٹرز کے درمیان میچ کا انعقاد لاڑکانہ میں کیا گیا، یونس خان کی سربراہی میں بلیو اسٹار کی ٹیم نے عبدالرزاق کی گرین اسٹارز کو دس رنز سے شکست دے دی۔ یوم پاکستان کے موقع پر سندھ پولیس کی جانب سے لاڑکانہ میں پاکستان اسٹارز کے نام سے میچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کے نامور کھلاڑیوں ٹیسٹ کرکٹرز یونس خان، آل رائونڈر عبدالرزاق، عرفان خان، عمران نذیر، صہیب مقصود و دیگر نے حصہ لیا، پولیس ٹریننگ اسکول میں منعقدہ 15 اورز پر مشتمل میچ میں پاکستان بلو کی قیادت قومی ٹیسٹ کرکٹر یونس خان جبکہ پاکستان گرین کی کپتانی قومی آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کی، عبدالرزاق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، مقررہ 15 اوورز میں پاکستان بلیو کی ٹیم نے 132 رنز بنائے، جواب میں گرین اسٹارز 7 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنا سکی، اس طرح بلیو اسٹارز نے کامیابی حاصل کرکے ٹرافی اپنے نام کرلی، میچ میں عبدالرزاق 42،عمران نذیر نے 40، یونس خان نے 24 اور صہیب مقصود نے 25 رنز بنائے، قومی کرکٹرز کو کھیلتے ہوئے دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹرز کی بڑی تعداد گراونڈ میں موجود تھی جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خاص ایڈیشنل آئی جی سکھر ڈاکٹر جمیل اور ڈی آئی جی عرفان بلوچ، ونگ کمانڈر رینجرز کرنل محمود، ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود بنگش تھے۔ میچ کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ گراؤنڈ میں موجود شائقین کرکٹ نے قومی پلیئرز کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں اور ایونٹ کو بھرپور سراہا گیا۔ اس موقع پر مہمانوں کا کہنا تھا کہ قومی دن پر کھیلوں کا انعقاد پر امن پاکستان کا ثبوت ہے، 23 مارچ کے دن پاک افواج، پولیس، رینجرز کی قربانیوں اور شہداء کو سرخ سلام پیش کرتے ہیں۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں