صوفی بزرگ حضرت خواجہ خواجگان محمد خلیل الرحمٰن نقشبندی غفاری کے عرس مبارک کی تقریبات اختتام پذیر

جمعہ 12 جولائی 2019 19:58

لاڑکانہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2019ء) سندھ کے مشہور و معروف صوفی بزرگ حضرت خواجہ خواجگان محمد خلیل الرحمٰن نقشبندی غفاری کے 43 واں دو روزہ سا لانہ عرس مبارک کی تقریبات اختتام پذیر، عرس مبارک میں چاروں صوبوں کے ہزاروں عاشقان رسول اللہ نے شرکت کی. تقریب کی صدارت سجادہ نشین پیر عبدالغفار جان نقشبندی نے فرمائی۔ دو روزہ عرس مبارک میں ملک کے مایہ ناز علماء کرام نے کہا کہ اولیاء اللہ کاملین کی عشق رسول اللہ سے بھرپور زندگی ہمارے لئے ایک عظیم تحفہ ہے۔

محبت رسول اللہ ﷺ کے بغیر زندگی فضول ہے، اس موقع پر صاحبزادہ محمد خلیل الرحمٰن ثانی غفاری نے کہا کہ سنت رسول اللہ ﷺہماری پہچان اور شناخت ہے، اسی لئے ہم اپنے رب کریم کی رضا حاصل کرنا چاہتے ہیں تو رسول اللہﷺ کی سنت پر عمل پیرا ہوکر زندگی سنوار سکتے ہیں. صاحبزادہ محمد معصوم نقشبندی نے کہا کہ سلسلہ عالیہ نقشبندی کے پیشوا حضرت خواجہ خواجگان محمد عبدالغفار المعروف پیر مٹھا سائیں نے جن مریدین عقیدتمندوں پر نظر ڈالی وہ نیک پرھیزگار اور متقی ہوگئے اور انکا جینا مرنا اپنے پیر و مرشد کی نگاہ سے سنور گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر درگاہ رحمت پور شریف کے سجادہ نشین پیر عبدالغفار جان نقشبندی نے اعلان کیا کہ ملک کے مایہ ناز عالم دین جماعت غفاریہ نقشبندیہ کے سینئر رہنما مفتی محمد امین الدین خلیلی غفاری کے وفات سے جماعت کے اندر ایک بہت خال پیدا ہوا ہے جس کو پورا نہیں کیا جاسکتا ہے مگر ہمیں خوشی ہوئی ہے کہ ان کے اولاد میں سے ایک عالم دین محمد ابراہیم اور دوسرا بیٹا حافظ محمد قاسم غفاری پیدا ہوئے۔

ہم اعلان کرتے ہیں کہ جماعت غفاریہ اہلسنت پاکستان کے تمام تر معاملات کی ذمہ داری علامہ مولانا محمد ابراہیم غفاری پر عائد کرتے ہیں اور اس کا معاون اسکے بھائی حافظ محمد قاسم غفاری کو مقرر کرتے ہیں۔ دو روزہ عرس مبارک میں مشہور علماء کرام سید محمد شاہ غفاری، مولانا عبدالوہاب جتوئی، قاری عبدالغفور خلیلی، مولانا ندیم غفاری، مولانا بدرالدین سریو ،فقیر محمد مٹھل نقشبندی غفاری، مولانا محمد کوکب ریاض اویسی، مولانا عبدالرب سندھی، محمد ابراہیم غفاری، محمد قاسم غفاری، محمد مظہر سکندری غفاری، مولانا عابد علی غفاری، پروفیسر ڈاکٹر شجاع احمد عباسی، سید ذیشان حیدر خلیلی، بابر علی غفاری سمیت دیگر نے کہا کہ حضرت سائیں محمد خلیل الرحمٰن نقشبندی نے اپنی پوری زندگی عشق رسول ﷺمیں بسر کی اور تبلیغ دین کے سلسلے میں انہوں نے اپنا وطن تک قربان کرلیا اور دین کی خدمت میں ملک کے کونے کونے جس طرح خدمات دیں وہ ہمیشہ یاد رکھیں جائیں گی۔

علاوہ ازیں حضرت پیر مٹھا سائیں اور انکے صاحبزادہ محمد خلیل الرحمٰن نقشبندی کے مزارات پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ دو روزہ عرس مبارک کے اختتام پر ملک کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، اخوت بھائی چارہ کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور صلوات و سلام پڑھا گیا۔

متعلقہ عنوان :

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں