جرگے نے دو قبیلوں میں کشیدگی ختم کرانے کیلئے کروڑوں کا جرمانہ کردیا

منگل 1 جون 2021 23:44

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2021ء) جرگے نے دو قبیلوں میں کشیدگی ختم کرانے کیلئے کروڑوں کا جرمانہ کردیا۔جلبانی اور کٹوہر قبیلے میں جاری کشیدگی ختم کرانے کے لیے جرگے نے دونوں قبیلوں پر مجموعی طور پر 3 کروڑ 15 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔نوڈیرو سرکٹ ہاؤس لاڑکانہ میں ہونے والے جرگے کی سربراہی سردار میر منظور پنہور نے کی جب کہ جرگے میں دیگر برادریوں کے سرداربھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

فیصلے کے مطابق جرگے نے جلبانی قبیلے پر ایک کروڑ 80 لاکھ اور کٹوہر قبیلے پر ایک کروڑ 35لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا، دونوں قبیلے جرمانہ ایک دوسرے کو 3 قسطوں میں ادا کریں گے جب کہ جرمانے کی پہلی قسط جولائی میں ادا کی جائے گی۔ جرگے نے فیصلہ کیا کہ فریقین عدالت میں قائم مقدمات بھی واپس لینے کے پابند ہوں گے اور اگر مستقبل میں کسی قبیلے نے تصادم میں پہل کی تو اس پر 25 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔دونوں قبیلوں میں جاری کشیدگی کے دوران 3 بچوں اور ایک خاتون سمیت 17 افراد قتل کیے جاچکے ہیں۔جرگے کے بارے میں جب جیو نیوز کی جانب سے ایس ایس پی عمران قریشی سے بات کی گئی تو انہوں نیاس پر بات کرنے سے انکار کردیا۔

متعلقہ عنوان :

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں