سندھ کے شہر لاڑکانہ کے میڈیکل کالج کی طالبہ نے گرلز ہاسٹل میں مبینہ طور پر خودکشی کرلی

جمعرات 25 نومبر 2021 00:00

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2021ء) سندھ کے شہر لاڑکانہ کے میڈیکل کالج کی طالبہ نے گرلز ہاسٹل میں مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل کالج میں چوتھے سال کی میڈیکل کی طالبہ نوشین کاظمی کی گرلز ہاسٹل نمبر چار کے کمرے میں پنکھے سے لٹکی لاش برآمد ہوئی۔ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد کالج انتظامیہ نے گرلز ہاسٹل کو سیل کردیا، طالبہ نوشین کاظمی کے واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق طالبہ کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔نوشین کاظمی کی لاش برآمد ہونے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جسٹس فار نوشین کاظمی کا ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ بن گیا جس میں صارفین انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کررہے ہیں۔نوشین کاظمی نے خودکشی کی ہے یا انہیں قتل کیا گیا ہے، میڈیکل کالج کے طالب علموں نے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔واضح رہے کہ دو سال قبل ڈینٹل کالج میں فائنل ایئر کی طالبہ نمرتا کماری کی لاش برآمد ہوئی تھی۔

متعلقہ عنوان :

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں