ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا کادورہ بھکر، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

اتوار 11 اکتوبر 2015 15:42

بھکر ۔11 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 اکتوبر۔2015ء) ریجنل پولیس آفیسر (آرپی او) سرگودھا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ بھکر سمیت سرگودھا ریجن کے تمام اضلاع میں محرم الحرام کیلئے علمائے کرام و اکابرین ،منتخب عوامی نمائندوں ،امن کمیٹیوں کے اراکین،محرم کے جلوسوں و مجالس کے منتظمین اور انجمن ہائے تاجران کی تجاویز و مشاورت سے مربوط و مستحکم سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے اور اس پر عملدرآمدکی کڑی نگرانی کی حکمت عملی بھی وضع کی گئی ہے۔

انہوں نے یہ بات محرم سکیورٹی انتظامات کے جائزہ کیلئے دورہ بھکر کے موقع پر ڈی پی او آفس میں منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں علمائے کرام ومذہبی اکابرین،سینیٹر ظفراللہ خان ڈھانڈلہ،ایم پی ایزغضنفرعباس چھینہ اور عامر عنایت خان شہانی،ڈی سی او احمد مستجاب کرامت ،ڈی پی او افتخارالحق ،اے سی بھکر علی اختر سیف اللہ ، ایس ڈی پی اوز،سید وزارت حسین نقوی ایڈووکیٹ،ضلعی امن کورکمیٹی کے کنوینر رانا آفتاب احمد خاں ،مفتی محمد امیر عبداللہ،مولانا ذکاء اللہ خالد ،مولانا عبدالرحیم رضوی ،صدر و جنرل سیکرٹری انجمن تاجران ،عبدالحکیم مغل،سید ممتاز حسین شاہ،ڈی او سی سلیم یوسف اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے آغاز پر ڈی پی او افتخارالحق نے بریفنگ دیتے ہوئے محرم سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کے انتظامات کے بارے میں آرپی او کو آگاہ کیااور اس سلسلہ میں علمائے کرام ،اراکین امن کمیٹی،انجمن تاجران،جلوسوں ومجالس کے منتظمین اور دیگر متعلقہ شعبوں کے اشتراک و تعاون کی تفصیلات پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر سینیٹرظفراللہ خان ڈھانڈلہ،ایم پی اے عامر عنایت خان شہانی ،سید وزارت حسین نقوی ایڈووکیٹ ،رانا محمد حنیف ،رانا آفتاب احمد خاں،زبیر محمود مغل،صاحبزادہ عابد سلطان ،صدر انجمن تاجران کلورکوٹ رانا محمد خالد ،مولانا محمد صفی اللہ ،پروفیسر نیاز ،مفتی امیر عبداللہ و دیگر اراکین امن کورکمیٹی نے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کاا عادہ کیا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور لاء اینڈ آڈر پلان کی حسب منشا ء عملداری یقینی بنانے میں ضلعی انتظامیہ و پولیس کو مثالی تعاون فراہم کیا جائے گا۔

سید وزارت حسین نقوی نے اپنے خطاب میں اس امر پر بطور خاص زور دیا کہ بیرونی شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ ضلع میں پر امن اور ہم آہنگی کی فضا کو نقصان سے بچایا جاسکے۔آرپی او ذوالفقار حمید نے محرم سکیورٹی اور قیام امن وامان کے سلسلہ میں شرکائے اجلاس کی طرف سے مثالی تعاون کی پیش کش اور تجاویز ومشاورت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی طرف سے سکیورٹی پلان پر عملدرآمد میں کوئی کسر اٹھانہیں رکھی جائے گی اور ضلع میں امن کو خطرات سے دوچار کرنیوالے عوامل کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں بیرونی شرپسندی کے عنصر کو سختی سے روکا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں