ڈی ای او لسبیلہ کے حب کے مختلف سکولوں کے دورے،کلاسز کا جائز ہ لیا

اتوار 17 دسمبر 2017 15:02

لسبیلہ۔ 17دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2017ء)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لسبیلہ عبدالواحدشاکربلوچ نے حب کے مختلف سکولوں کے طوفانی دورے کیے اور کلاسوں کا جائز ہ لیا۔اس موقع پر انھوں نے طلباء وطالبات سے سوالات بھی کیے اور تعلیمی صورتحال پر اطمینا ن کا اظہار کیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی ای او لسبیلہ عبدالواحدشاکربلوچ نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر تعلیم حب محمد رفیق بلوچ کے ہمراہ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ساکران کا دورہ کیا جہاں سکول کے ہیڈماسٹر نے ان کا استقبال کیا جبکہ سکائوٹس کے چاق وچوبند دستے نے انھیں سلامی پیش کی۔

ڈی ای او نے سکول کی کلاسوں کا جائزہ لیا اور طلبہ سے سوالات کیے۔اس موقع پر سکول کے ہیڈماسٹرنے ڈی ای او کوسکول کے خستہ حال کمروں کا بھی معائنہ کرایا جن کو محکمہ بی اینڈآر نے فوری طورپرمہندم کرنے کی اجازت دی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی ای او نے گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول ساکران کا بھی دورہ کیا اورطالبات سے سوالات بھی کیے اور کلاس رومز کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر عبدالواحدشاکرنے دونوں اسکول کے اساتذہ کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہاکہ لسبیلہ تعلیمی حوالے سے اب آہستہ آہستہ آگے جارہاہے لیکن لسبیلہ کی تعلیمی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اساتذہ محنت اور لگن سے اپنی فرائض انجام دیں ، ان کو درپیش مسائل حل کرنے کی ہرممکن کوشش کی اور وقار کو بحال رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر تعلیم حب محمد رفیق بلوچ کو ہدایت کی کہ وہ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ساکران اور گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول ساکران کے اسکولز کے خستہ حال کمروں کا فوری طورپر پی سی ون تیارکرواکر انھیں ارسال کریں۔

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں