لسبیلہ یونیورسٹی مختلف شعبوں سے متعلق علوم کی علمبردار ہے ،معیاری تعلیم و تربیت کا نہ صرف پیشہ وارانہ بلکہ قومی سطح پر بھی اعتراف کیا جاتا ہے، گورنر بلوچستان

جمعرات 9 اگست 2018 21:34

لسبیلہ یونیورسٹی مختلف شعبوں سے متعلق علوم کی علمبردار ہے ،معیاری تعلیم و تربیت کا نہ صرف پیشہ وارانہ بلکہ قومی سطح پر بھی اعتراف کیا جاتا ہے، گورنر بلوچستان
اوتھل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2018ء) گونر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے لسبیلہ یونیورسٹی کا دورہ کیا جہا ں پر انھو ں نے دو نئی تعمیر شدہ عمارتوں ایڈمن بلاک اور ویٹرنری بلاک کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گونر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران لسبیلہ یونیورسٹی میں بہت زیادہ ترقیاتی کام ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی مختلف شعبوں میں متعلق علوم کی علمبردار ہے اور اس معیاری تعلیم و تربیت کا نہ صرف پیشہ وارانہ سطح پر بلکہ قومی سطح پر بھی اعتراف کیا جاتا ہے اس میں کوئی شک نہیں یہ ادارہ سستی مگر معیاری تعلیم فراہم کرتا ہے۔ لسبیلہ یونیورسٹی میں طلبہ کو اسطرح تیار کیا جاتا ہے کہ وہ مختلف شعبوں مثلا فوڈ سکیورٹی ، موسمیاتی تبدیلیاں اور خشک سالی کو متاثر کرتی ہیں اور یہاں اساتذہ اور طلبہ ء ان سے نمٹنے کی فوری صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی اور گوادر کے درمیان واقع لسبیلہ یونیورسٹی کی جغرافیائی اہمیت خاص طور سے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تناظر میں جلد اس بین الا قوامی توجہ کا مرکز بناسکتی ہے۔ سی پیک ایک گیم چینجز کی حثیت رکھتا ہے جو گوادر کے ذریعے پاکستان کو چین سے مربوط کریگا۔ انھوں نے کہا کہ سینٹرل ایشیائی ممالک اور افغانستان کو جو لینڈ لاک کے خطے ہیں دنیا بھر کے ممالک کے لیے کھول دیگا۔

سی پیک بلوچستان کے عوام کو جہاز رانی کی غیر معمولی سرگرمیوں کے نتیجے میں خوشحالی اور پائیدار ترقی سے ہمکنار کریگا۔ اس تناظر میں مجھے یقین ہے کہ لسبیلہ یونیورسٹی اپنے قابل اور فعال اساتذہ کی انتھک محنت کے نتیجے میں اقتصادی ترقی کے عمل میں فعال کردار ادا کریگی۔ یہ مقامی سطح سے علاقائی اور ملکی سطح پر اقتصادی ترقی کی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کریگی۔

انھوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی میں نئی نسل میں سرمایہ کاری کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ ہر چند کہ بلوچستان سب سے ناخواندہ صوبہ ہے لیکن اس کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے تاہم شدید موسم اور عمومی غربت ان کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ لسبیلہ یونیورسٹی میں فراہم کی جانے والی معیاری تعلیم صورتحال کو بدلنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لسبیلہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر دوست محمد بلوچ نے کہا کہ انتہائی کم مدت میں لسبیلہ یونیورسٹی نے تعلیمی میدان میں اہم کامیابیاں سمیٹی ہیں انھوں نے کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی میں اس وقت 55سے زیادہ PhDs اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، اس کے علاوہ دیگر اساتذہ کرام اعلیٰ تعلیم کے لیے مختلف ممالک میں زیر تعلیم ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی میں ترقیاتی کام تیزی سے ہورہے ہیں ان میں کچھ عمارات تیار اور باقی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں انھوں نے مزید کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی کے فارغ التصیل طلبہ و طالبات مختلف شعبوں میں اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ سر انجام دے رہے ہیں انھوں نے کہا کہ انتہائی کم عرصے میں لسبیلہ یونیورسٹی نے تحصیل وڈھ ضلع خضدار میں اپنی ایک سب کیمپس کھول لی ہے جبکہ یونیورسٹی کالج ڈیرا مراد جمالی عنقریب تعلیمی سرگرمیاں شروع کریگی۔

اس موقع پر لسبیلہ یو نیورسٹی پرو وائس چانسلر ڈاکٹر غلام جیلانی، رجسٹرار ڈاکٹر احمد نواز کھوسہ، کمشنر قلات ڈویژن سعید جمالی، ڈپٹی کمشنر لسبیلہ ذیشان سکندر ، ایس ایس پی لسبیلہ آغا رمضان علی،ڈاکٹر تیمور خان، محمد ہاشم رونجھو، صلاح الدین ،ڈاکٹر مرید کھوسہ،ڈین فیکلٹی آف ویٹرنری ڈاکٹر نصر اللہ بنگلزئی ، کوسٹ گارڈ کے میجر بلال احمد، ڈینز ،ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبرز سمیت میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔ جبکہ سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے تھے ۔

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں