سی پیک ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے،

سی پیک بلوچستان کے عوام کو جہاز رانی کی غیر معمولی سرگرمیوں کے نتیجے میں خوشحالی اور پائیدار ترقی سے ہمکنار کریگا،گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی

جمعرات 9 اگست 2018 23:52

سی پیک ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے،
لسبیلہ۔ 09 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2018ء) گونر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کراچی اور گوادر کے درمیان واقع لسبیلہ یونیورسٹی کی جغرافیائی اہمیت خاص طور سے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تناظرے میں جلد بین الاقوامی توجہ کا مرکز بن سکتی ہے۔ سی پیک ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے جو گوادر کے ذریعے پاکستان کو چین سے مربوط کریگا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک بلوچستان کے عوام کو جہاز رانی کی غیر معمولی سرگرمیوں کے نتیجے میں خوشحالی اور پائیدار ترقی سے ہمکنار کریگا۔ اس تناظر میں مجھے یقین ہے کہ لسبیلہ یونیورسٹی اپنے قابل اور فعال اساتذہ کی انتھک محنت کے نتیجے میں اقتصادی ترقی کے عمل میں فعال کردار ادا کریگی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر واٹر اینڈ میرین سائنسز کے دو نو تعمیرشدہ ایڈمن اور ویٹرنری بلاکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لسبیلہ یو نیورسٹی کے وائس چانسلر پرو فیسر ڈاکٹر دوست محمد بلوچ، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر غلام جیلانی، رجسٹرار ڈاکٹر احمد نواز کھوسہ، کمشنر قلات ، ڈاکٹر سعید احمد جمال، ڈپٹی کمشنر لسبیلہ ذیشان احمد سکندر ، ڈین فیکلٹی آف ویٹرنری ڈاکٹر نصر اللہ ، کوسٹ گارڈ کے میجر بلال احمد، ڈینز ،ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبرزبھی موجود تھے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران لسبیلہ یونیورسٹی میں بہت زیادہ ترقیاتی کام ہوئے ہیں انھوں نے کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں معیاری تعلیم و تربیت کا نہ صرف پیشہ وارانہ سطح پر بلکہ قومی سطح پر بھی اعتراف کیا جاتا ہے اس میں کوئی شک نہیں یہ ادارہ سستی اور معیاری تعلیم فراہم کرتا ہے۔

لسبیلہ یونیورسٹی میں طلبہ کو اسطرح تیار کیا جاتا ہے کہ وہ مختلف شعبوں مثلا ًفوڈ سکیورٹی ، موسمیاتی تبدیلیاں اور خشک سالی کو متاثر کرتی ہیں اور یہاں اساتذہ اور طلبہ ء ان سے نمٹنے کی فوری صلاحیت رکھتے ہیں یہ مقامی سطح سے علاقائی اور ملکی سطح پر اقتصادی ترقی کی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کریگا۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی میں نئی نسل میں سرمایہ کاری کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔

مجھے یقین ہے کہ لسبیلہ یونیورسٹی میں فراہم کی جانے والی معیاری تعلیم صورتحال کو بدلنے میں مددگار ثابت ہوگی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لسبیلہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر دوست محمد بلوچ نے کہا کہ انتہائی کم مدت میں لسبیلہ یونیورسٹی نے تعلیمی میدان میں اہم کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی میں ترقیاتی کام تیزی سے ہورہے ہیں ان میں کچھ عمارات تیار اور باقی تکمیل کے اخری مراحل میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات مختلف شعبوں میں اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ سر انجام دے رہے ہیں انھوں نے کہا کہ انتہائی کم عرصے میں لسبیلہ یونیورسٹی نے تحصیل وڈھ ضلع خضدار میں اپنا ایک سب کیمپس قائم کیا ہے جبکہ یونیورسٹی کالج ڈیرہ مراد جمالی عنقریب تعلیمی سرگرمیاں شروع کریگی،قبل ازیں گورنر بلوچستان نے یونیو رسٹی کے نو تعمیر شدہ وٹر نر ی اور ایڈمن بلاکس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں