کراچی سے پنجگور جانے والی مسافر بس اور ٹینکر میں تصادم، 27 افراد جاں بحق

6 شدید زخمی، مسافر کوچ میں خفیہ طور پر ایرانی ڈیزل سمگل کیا جا رہا تھا،ایس پی لسبیلہ

Fahad Shabbir فہد شبیر منگل 22 جنوری 2019 09:49

کراچی سے پنجگور جانے والی مسافر بس اور ٹینکر میں تصادم، 27 افراد جاں بحق
حب(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جنوری۔2019ء) بیلا کراس کے قریب مسافر کوچ اور آئل ٹینکر میں تصادم کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہوگئی اور تمام افراد کی لاشیں کراچی کے ایدھی سرد خانے منتقل کردی گئیں۔نجی ٹی وی کے مطابق بیلا کراس کے قریب کراچی سے پنجگور جانے والی مسافر کوچ اور آئل ٹینکر آپس میں ٹکرانے سے گاڑیوں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس سے 27 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کو کراچی منتقل کیا گیا جن میں خواتین اور بچوں سمیت ٹرک ڈرائیور اور کلینر بھی شامل ہے جب کہ حادثے کے 4 زخمیوں کو سول اسپتال کراچی میں طبی امداد دی جارہی ہے اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔جاں بحق تمام افراد لاشیں ایدھی سرد خانے سہراب گوٹھ منتقل کردی گئی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت مسافر کوچ میں 35 سے زائد مسافر سوار تھے جن میں سے کچھ افراد نے بروقت باہر نکل کر اپنی جانیں بچائیں جب کہ دیگر افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر مینگل کا کہنا ہے کہ مسافر بس میں آگ لگنے کے باعث جھلس کر جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہوگئی، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔شبیر مینگل نے کہا کہ بس سے نکلنے کے دوران 6 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے 4 شدید زخمیوں کو بیلہ اسپتال سے کراچی روانہ کر دیا گیا۔کراچی سول ہسپتال آنیوالے زخمی کے ایک رشتہ دار کا کہنا تھا کہ کوچ ٹائر پھٹنے سے ٹرک سے ٹکرا گئی جس سے آگ لگ گئی اور لوگ جل گئے۔

المناک واقعہ بلوچستان کے علاقے بیلہ کراس پر پیش آیا۔ کراچی سے پنجگور جانے والی مسافر کوچ کا ٹائر پھٹا اور وہ بے قابو ہوکر قریب کھڑے ٹرک سے جا ٹکرائی، تصادم کے نتیجے میں گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس نے مسافروں کو جلا کر راکھ کر دیا۔ایس پی لسبیلہ آغا رمضان کے مطابق مسافر کوچ میں خفیہ طور پر ایرانی ڈیزل سمگل کیا جا رہا تھا جس کے باعث گاڑیوں میں آگ بھڑکی، بیلہ حادثے کے زخمی بلوچستان کے ہسپتالوں میں بھی زیر علاج ہیں جہاں متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے، انتظامیہ سے حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ بھی طلب کر لی۔

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں