مولانا فضل الرحمان کا استعفوں اور عدم اعتماد کے معاملے پر بلاول بھٹو کو دوٹوک جواب

عدم اعتماد پیش کریں نا، کیوں بیٹھے ہیں آرام کے ساتھ، ہمیں استعفے نہ دینے کا طعنہ دینے والے عدم اعتماد کیوں پیش نہیں کرتے، سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 15 ستمبر 2021 19:00

مولانا فضل الرحمان کا استعفوں اور عدم اعتماد کے معاملے پر بلاول بھٹو کو دوٹوک جواب
حب (اُردو پوائنٹ، اخبارتازہ ترین، 15ستمبر 2021) ہمیں استعفے نہ دینے کا طعنہ دینے والے عدم اعتماد کیوں پیش نہیں کرتے، سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کا استعفوں اور عدم اعتماد کے معاملے پر بلاول بھٹو کو دوٹوک جواب۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

حب میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ہمیں استعفے نہ دینے کا طعنہ دینے والے عدم اعتماد کیوں پیش نہیں کرتے؟پیپلزپارٹی کی پنجاب میں تبدیلی سے متعلق خواہش کے سوال پر مولانا فضل الرحمان نے ’عدم اعتماد، عدم اعتماد، عدم اعتماد‘ کی گردان کی اور طنز کرتے ہوئے کہا کہ عدم اعتماد، ہماری رائے، ہماری رائے، بڑی عقل کی رائے توپھرپیش کریں نا، کیوں بیٹھے ہیں آرام کے ساتھ؟ ان کا کہنا تھاکہ ہمیں تو طعنہ دیتے ہیں، استعفے کیوں پیش نہیں کرتے تویہ عدم اعتمادکیوں پیش نہیں کرتے؟ تگڑے ہوتو عدم اعتماد کیوں پیش نہیں کرتے؟ان کا کہنا تھاکہ 6 ممبران پرعدم اعتماد کی بات نہیں کی جاسکتی، اس سے بڑی حماقت کی بات کوئی نہیں ہوسکتی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چند روز قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ عوام تاریخی مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کا مقابلہ کررہی ہے،پنجاب کے عوام کو بھی لاوارث نہیں چھوڑ سکتے،ہم کٹھ پتلی بزدار کو بھی گرائیں گے،اگر ن لیگ اورمولانا فضل الرحمان چاہیں تو ہم حکومت گرا سکتے ہیں ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہمارے اتحادیوں نے پنجاب میں عمران خان کو فری ہینڈ دیا ہے، ہمارے دوست میدان چھوڑ چکے ہیں، بنی گالہ سے چیخیں نکل رہی ہیں،چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ پنجاب کو سازش کے تحت پیپلزپارٹی کی حکومت سے محروم رکھا گیا ، پیپلزپارٹی پنجاب کے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتی، عوام تاریخی مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کا مقابلہ کررہی ہے،کبھی بجلی تو کبھی گیس تو کبھی پٹرول کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے،ہر روز ایک نیا معاشی بم پھٹتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب کے عوام کیساتھ تاریخی ظلم ہو رہا ہے،کسان کے ساتھ جو ظلم ہو رہا ہے وہ برداشت نہیں کر سکتے ،ہم نے اس کٹھ پتلی سے حساب لینا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ جیالے ساتھ دیں ہم نے سلیکٹڈکو گھر بھیجنا ہے،تخت لاہور اور سلیکٹڈکا راج نہیں چاہئے،حکومت نے سٹیل ملز کے 10 ہزار خاندانوں کو بے روز گار کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کسان ، مزدور اور نوجوانوں کا معاشی قتل برداشت نہیں کریں گے،انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ آٹے کی قیمتوں کو سابقہ قیمت پر بحال کیا جائے ۔

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں