حب بائی پاس کے قریب آئل ٹینکر سے 631 کلو چرس برآمد

برآمد شدہ چرس کا وزن 631 کلوگرام ہے۔ ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 اکتوبر 2021 11:35

حب بائی پاس کے قریب آئل ٹینکر سے 631 کلو چرس برآمد
حب (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اکتوبر 2021ء) : انسداد منشیات کے ادارے (اے این ایف) نے بلوچستان کے علاقہ حب میں کارروائی کرتے ہوئے آر سی ڈی روڈ پر حب بائی پاس کے قریب دوران تلاشی آئل ٹینکر سے بھاری مقدار میں چرس برآمد کرلی۔ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ آئل ٹینکر سے برآمد شدہ چرس کا وزن 631 کلوگرام ہے۔

چرس آئل ٹینکر کے مختلف حصوں میں بنائے گئے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔ دوران کارروائی پشین کے رہائشی دو ملزمان کو موقع پر حراست میں لے لیا گیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق ملزمان منشیات کوئٹہ سے کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ دونوں ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ رواں برس جون میں وفاقی دارالحکومت میں ٹینکر کے ذریعے شراب سپلائی کرنے والے ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

ملزمان ٹینکر کے ذریعے شراب سپلائی کرتے تھے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تھانہ ترنول کی حدود میں پولیس نے ایک ایسا ٹینکر پکڑا جو شراب سے بھرا ہوا تھا۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ٹینکر میں 25 ہزار سے زائد لیٹر شراب موجود تھی۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان پٹرول کی آڑ میں اسلام آباد، راولپنڈی، کشمیر، لاہور اور خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں شراب سپلائی کرتے تھے۔

پولیس کے ذمہ دار ذرائع سے بتایا ہے کہ شراب سے بھرے ہوئے ٹینکر کے علاوہ 13 ٹینکیاں، تین موٹرسائیکلیں اور ایک رکشہ بھی پولیس نے قبضے میں لیا، ملزمان پٹرول سپلائی کرنے والے ٹینکر کے ذریعے مظفر گڑھ سے شراب منگواتے اور گاہکوں کو فراہم کرتے تھے۔ گرفتار کیے جانے والے 8 ملزمان کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں