لسبیلہ ،ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں 4افراد موقع پر جاں بحق،22سے زائد زخمی

جمعرات 24 جون 2021 15:22

اوتھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2021ء) لسبیلہ میں ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں 4افراد موقع پر جاں بحق،22سے زائد زخمی،اوتھل میں موٹرسائیکل پر سوار جاں بحق افرا د کا تعلق پنجاب سے بتایا جارہاہے ،تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز لسبیلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل کراچی سے کوئٹہ جانے والی المکہ مسافر کوچ نے کھانٹاپل کے قریب موٹرسائیکل پر سوار دوافراد کو ٹکرماردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پرہی جاںبحق ہوگئے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی ایمبولینس موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طورپر نعشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوتھل پہنچایا جہاں پر نعشوں کی شناخت رضا اللہ ولد عطااللہ اور رجب ولی ولد الہٰی بخش ساکنان تحصیل جتوئی ضلع مظفر گڑھ (پنجاب) سے ہوئی بتایا جارہاہے کہ متوفیان قرآن پاک کو جلد لگانے کا کام کرتے تھے اور وہ اوتھل کی مساجد میں شہیدقرآن پاک کو جلد لگا کرموٹرسائیکل پر جارہے تھے کہ کھانٹاپل کے قریب حادثہ پیش آگیاجبکہ دوسرا حادثہ ناکہ کھارڑی وندر کے قریب کراچی سے اوتھل آنے والی مسافر کوسٹر اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں دوافرا دموقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ کوسٹر میں سوار22سے زائد مسافر شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپر جام غلام قادر ہسپتال حب منتقل کردیا گیا جہاں پر ضروری کاروائی کے بعد نعشوں کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا زخمیوں میں سے 4کی حالت نازک بتائی جاتی ہے پولیس نے دونوں واقعات کی الگ الگ تفتیش شروع کردی۔

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں