انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ایم ایم اے کے کارکنوں نے اوتھل میں آر سی ڈی شاہراہ بلاک کردی

بدھ 8 اگست 2018 23:02

اوتھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2018ء) 25جولائی کے الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ملک بھر کی ضلع لسبیلہ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر اوتھل میں ایم ایم اے سراپا احتجاج ۔ آر سی ڈی شاہراہ پر دھرنا دیکر کوئٹہ کراچی جانے والی ٹریفک کا راستہ روک کر 2گھنٹے تک روڈ بلاک کر دیا جس بنا پر دونوں اطراف مسافر گاڑیوں اور دیگر چھوٹی بڑی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔

مسافر کوچوں میں خواتین اور سمیت تما م مسافررل گئے ۔ روڈ بلاک کی وجہ سے ایمبولینس میں مریضوں کو بھی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ ڈی ایس پی اوتھل کی سربراہی میں ایس ایچ او اوتھل پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ صدیق اکبر چوک پہنچ گئے ۔ ایم ایم اے کے رہنمائوں سے کامیاب مذاکرات کے بعد آر سی ڈی شاہراہ کو کھول دیا گیا ۔

(جاری ہے)

متحدہ مجلس عمل کے رہنمائوں اور کافی تعداد میں علماء کرام اور عوام نے آر سی ڈی شاہرہ پر احتجاجی ریلی نکالی جو کہ جمن شاہ چوک پر جلسے کی شکل اختیار کر گئی اس موقع پر جمعیت علماء اسلام ضلع لسبیلہ کے جنرل سیکریٹری مولانا عبدالحمید عارف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقتدر قوتوں نے دھاندلی کے ذریعے ایسے شخص کو 25جولائی کو کامیاب کرایا جو یہودی ایجنٹ ہے اس کی کامیابی پر امریکہ اسرائیل اور بھارت میں جشن منایا جا رہا ہے وہ پاکستان اور اسلام کا خیر خواہ نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ 25جولائی کو ہونے والے الیکشن میں پولنگ ایجنٹوں کو فارم 45اس لئے نہیں دیا گیا کہ دھاندلی کے ذریعے اپنے من پسند لوگوں کو کامیاب کرایا جاسکے اور فارم 45نہ دینا ہی انتخابات میں دھاندلی کی ثبوت ہے اور رات 10بجے تک رزلٹ نہیں دیا گیا اور جن لوگوں کو کامیاب کرانا تھا ان لوگوں کے رزلٹ تین تین تک روکا گیا اور من پسند لوگوں کو کامیاب کرایا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس دھاندلی زدہ حکومت کو مسترد کرتے ہیں اور مقتدر قوتیں عمران خان کو آگے لانا چاہتی ہیںجس کی اولاد یہودی ماں جمائما کے پاس پل رہے ہیں اور یہ عمران خان پاکستان کا خیر خواہ نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جو کہ 63-62پر بھی پورا نہیں اترتا جو پاکستان اور اسلام کے خلاف کام کر رہا ہے ایسے شخص کو پاکستان کا وزیر اعظم بنایا جا رہا ہے جو یہودیت اسرائلیت سوشلزم کو فروغ دینا چاہتا ہے ۔

متحدہ مجلس عمل ایسے شخص کو پاکستان کا وزیر اعظم نہیں بننے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 25جولائی کے الیکشن ہر گز شفاف نہیں تھے اور عوامی رائے کو دبا کر مرضی کے امیدواروں کو کامیاب کرایا جائے گا تو احتجاج ہمارا حق ہے انہوں نے کہا کہ مقتدر قوتیں کنٹرول جمہوریت چاہتی ہے اور دھاندلی سے قائم ہونے والی حکومت ذیادہ نہیں چلے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دینی قوتیں ہی حکومت بنائیں گیں ۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری مارشل لا کے تحت دینی جماعتوں کو ہرایا گیا ہے اور عمران خان کے جو امیدوار کامیاب ہوئے ہیں دوبارہ گنتی میں ہار جاتے ہیں اگر تمام حلقوں کی دوبارہ گنتی کی جائے تو پتا چلے گا کہ کس طرح دھاندلی کے ذریعے عمران خان کے امیدواروں کو جتوایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اتنا نا اہل ہے کوئٹہ میں غیر ملکی باشندوں کو الیکشن میں حصہ لینے کا بھی علم نہیں وہ پاکستان میں خاک شفاف الیکشن کر اسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس الیکشن کو مسترد کرتے ہیں اور چیف الیکشن کمشنر کو فوری طور پر برطرف کر کے دوبارہ الیکشن کرائے جائیں ۔ جلسہ جمعیت علمائے اسلام تحصیل اوتھل کے امیر مفتی محمد سعید ، جنرل سیکریٹری امام بخش شاہوک، انفارمیشن سیکریٹری حافظ حسین احمد نے بھی خطاب کیا ۔ احتجاجی ریلی میں جمعیت علماء اسلام کے رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں