شہداء لسبیلہ کیخلاف گھنائونی مہم میں تحریک انصاف ملوث نکلی،تحقیقاتی اداروں کی رپورٹ میں انکشاف

اس سارے کھیل میں تحریک انصاف نے بھارت سے بھی مدد لی ،تحقیقات کے دوران بھارتی اکائونٹس بھی ملوث نکلے

منگل 16 اگست 2022 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2022ء) لسبیلہ ہیلی کاپٹر کے شہداء کے خلاف سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی گھنائونی اور بے حس سوشل میڈیا میں تحریک انصاف ملوث نکلی ہے اور تحقیقاتی اداروں کی رپورٹ میں چشم کشا انکشافات سامنے آئے ہیں جس کے مطابق اس سارے کھیل میں تحریک انصاف نے بھارت سے بھی مدد لی اور فوج کے خلاف مہم چلانے میں بھارتی اکائونٹس بھی ملوث نکلے ہیں ،تحقیقاتی ذرائع کے مطابق شہداء لسبیلہ کے خلاف گھناؤنی اور بے حس سوشل میڈیا مہم کی تحقیقات کے دوران چشم کشاہ انکشافات سامنے آئے ہیں،اس گھنائونے کھیل میں تحریک انصاف کے کارکن ملوث نکلے جنہوں نے اس پوری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا،رپورٹ کے مطابق شہداء لسبیلہ کے خلاف گھنائونی سازش میں تحریک انصافکے سینکڑوں کی تعداد میں سپوٹرز نے اداروں کے خلاف مہم چلائی ،اس غیر اخلاقی سازش سے اداروں، شہداء اور شہداء کے لواحقین کے زخموں پر نمک پاشی کی گئی،رپورٹ کے مطابق سیاسی جماعت کی اس مہم میں کچھ بھارتی اکاؤنٹس بھی ملوث نکلے،یہ مہم ایک ایسے وقت میں شروع کی گئی جب پوری قوم سیلاب اور ہیلی کاپٹر حادثے کے باعث ہونے والی شہادتوں پر غمزدہ تھی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے ملک سے باہر بیٹھے کارکنوں نے اس گھنائونی مہم کو بھر پورسپورٹ کیا جس سے بین الاقوامی سطح پر ملک کے امیج کو نقصان پہنچایا گیا ،رپورٹ کے مطابق ملک کے اندر سے سینکڑوں اکائونٹ ٹریس کر لئے گئے ہیں جن کو اس گھنائونی کھیل میں بیرون ملک بیٹھے تحریک انصاف کے کارکنوں کی سپورٹ حاصل تھی ۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداروں کے خلاف مہم چلانے والوں کیخلاف کارروائی مزید تیز کر دی گئی ہے جبکہ بیرون ملک بیٹھے ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،گھنائونی سازش میں ملوث افراد کے خلاف ٹھوس ثبوت بھی اکٹھے کئے جارہے ہیں ،گھنائونے کھیل میں ملوث ملزموں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی اوران کو کیفرکردار تک پہنچایا جائیگا۔

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں