صومالی صدر نے کرپشن کے الزامات پر وزیراعظم کو معطل کردیا

میرین فورس کے کمانڈر بھی عہدوں سے برطرف،معطل وزیراعظم نے فوجی بغاوت قراردیدیا

پیر 27 دسمبر 2021 17:23

موغادیشو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 دسمبر2021ء) صومالیہ کے صدر نے کرپشن کے الزامات پر وزیراعظم کو معطل کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدارتی دفتر سے جاری بیان میںصومالیہ کے صدر محمد عبداللہ محمد نے وزیراعظم محمد حسین رابیل اور میرین فورس کے کمانڈر کو عہدوں سے ہٹادیا ۔صدارتی دفتر سے جاری بیان میں وزیراعظم کو ہٹائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ صدر نے وزیراعظم محمد حسین رابیل کے کرپشن میں ملوث ہونے پر ان کے اختیارات مکمل طور پرمعطل کردئیے ہیں۔

صدارتی بیان میں وزیراعظم پر الزام عائد کیا گیا کہ محمد حسین رابیل زمینوں پر قبضے کے کیس کی تحقیقات میں اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے مداخلت کررہے تھے۔دوسری جانب صومالی وزیراعظم کے دفتر نے صدر کے فیصلے کو اشتعال انگیزی قرار دیا ۔

(جاری ہے)

صومالی وزیراعظم آفس کے ٹوئٹراکائونٹ سے جاری بیان میں اسے فوجی بغاوت کی ایک کوشش قرار دیا گیا ۔وزیراعظم ہائوس کا کہنا تھا کہ محمد رابیل پر امن انتقال اقتدار کے لیے الیکٹرول طریقہ کار میں اپنی قومی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

صدر محمد عبداللہ کے فیصلے پر صومالی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ صدر کا فیصلہ ایک بلواسطہ بغاوت ہے، وزیراعظم کے دفتر کے باہر فوجی اہلکار تعینات کرنے سے انہیں ذمہ داریاں انجام دینے سے نہیں روکا جاسکتا۔

لیہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں