محکمہ زراعت کے افسران کاشتکاروں کو ٹڈی دل سے بچاؤ بارے میں آگاہی فراہم کریں،ڈپٹی کمشنر لودھراں

پیر 1 جون 2020 17:43

لودھراں ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) ڈپٹی کمشنر عمران قریشی کی زیر صدارت ضلع بھر میں انسدادصحرائی ٹڈی دل کے حوالے سے اٴْٹھائے جانے والے اقدامات کاجائزہ لینے کیلئے اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید محمد عباس شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک مشتاق حسین نائچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ فاروق قمر سمیت تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کلیم یوسف، سید وسیم حسن، ملک احمد فراز اعوان، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت(توسیع) محمد ظفر ملک سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔

اجلاس میں بتایا گیاکہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع بھرمیں صحرائی ٹڈی دل (لوکسٹ) کے تدارک کیلئے انسدادی کارروائیاں کی گئیں۔

(جاری ہے)

اجلا س میں مزید بتایا گیا کہ ٹڈی دل کے انسداد کیلئے محکمہ زراعت کے پاس ایک ہزار لیٹر ٹڈی دل کش ادویات موجو د ہیں۔اجلاس میں بتایا گیاکہ صحرائی ٹڈی دل کے خاتمے کے حوالے سے فیلڈ آپریشن جاری ہے اور ٹڈی دل کی سرویلنس اور آپریشن کی الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں جو کہ متاثرہ علاقوں میں متحرک ہیں۔

اجلا س میں بتایا گیاکہ اب تک آپریشن میں بڑی تعداد میں صحرائی ٹڈی دل کا خاتمہ کیا گیاہے اور صحرائی ٹڈی دل کے جھنڈوں کو ختم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں۔اجلاس میں مزید بتایا گیاکہ ضلع بھر میں جاری صحرائی ٹڈی دل تدارک آپریشن میں تربیت یافتہ افرادی قوت اور جدید مشینری کا استعمال کیا گیا تاکہ صحرائی ٹڈی دل کمبٹ آپریشن کو کامیابی سے ہمکنار کیا جاسکے۔

اجلا س میں مزیدبتایا گیا کہ عوام کی سہولت کے لیے ضلعی اور تحصیل سطح پر کنٹرول روم بھی فعال کر دئیے گئے ہیں۔ محکمہ زراعت، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور محکمہ ریونیو سمیت تمام محکمے الرٹ ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے انتظامیہ اور کاشتکار وں کو باہمی اشتراک اور تعاون سے اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لئے اپنا فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے مزیدکہاکہ محکمہ زراعت کے افسران کاشتکاروں کو صحرائی ٹڈی دل کے انسداد و بچاؤ بارے حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہونے بارے آگاہی فراہم کریں۔

متعلقہ عنوان :

لودھراں میں شائع ہونے والی مزید خبریں