مسلم لیگ ن ملتان ڈویژن کی میٹنگ ، یونین کونسل سطح پر ازسرنو تنظیم سازی کا فیصلہ ، متعدد پارٹی رہنما شریک نہ ہوئے

Irfan Feroz Awan عرفان فیروز اعوان بدھ 22 ستمبر 2021 10:58

مسلم لیگ ن ملتان ڈویژن کی میٹنگ ، یونین کونسل سطح پر ازسرنو تنظیم سازی کا فیصلہ ، متعدد پارٹی رہنما شریک نہ ہوئے
لودھراں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2021ء) مسلم لیگ ن ملتان ڈویژن کی میٹنگ ، نواز شریف اور مریم نواز کاویڈیو لنک خطاب، لودھراں سے 2 اراکین اسمبلی اور متعدد پارٹی عہدیداران غیر حاضر رہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں مسلم لیگ ن کے مرکزی آفس میں  پنجاب میں یونین کونسل کی سطح پر ازسر نو تنظیم سازی، پارٹی رہنماؤں سے رابطہ اور جماعت کو متحد کرنے کے حوالے سے سربراہ ن لیگ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ملتان ڈویژن کے اراکین اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور عہدیداران سے ویڈیو لنک اجلاس کیا جس میں  حمزہ شہباز، صوبائی صدر رانا ثناءاللہ خان،  جنرل سیکریٹری اویس خان لغاری،  صوبائی سیکریٹری اطلاعات عظمٰی بخاری، ڈویژنل صدر ملتان عبدالرحمان کانجو  سمیت 50 سے زائد اراکین اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور عہدیداران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

  ویڈیو لنک اجلاس میں لودھراں سے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے و ٹکٹ ہولڈر قومی اسمبلی صدیق خان بلوچ،ممبر قومی اسمبلی شاہ محمد جوئیہ اور ٹکٹ ہولڈر سابق ایم پی اے سید رفیع الدین بخاری سمیت پانچ صوبائی حلقوں میں سے چار صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے صدور اور جنرل سیکریٹری میٹنگ میں شریک نہ ہوئے۔ ڈویژنل صدر عبدالرحمان خان کانجو کے علاوہ میٹنگ کے تمام شرکاء سے موبائل فون لے لئے گئے۔

  قائد مسلم لیگ ن محمد نوازشریف نےاجلاس میں غیر حاضر اراکین اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور عہدیداران سے وضاحت طلب کرنے اور کام نہ کرنے والوں سے پارٹی عہدے واپس لینے کی ہدایت کی۔اجلاس سے مریم نواز نے بھی ویڈیو لنک خطاب کیا۔ دوسری طرف حمزہ شہباز اکتوبر کے پہلے ہفتے میں لودھراں آئیں گے اور اس دوران بہاولپور میں ورکرز کنونشن سے خطاب بھی کریں گے۔ ان کی آمد کے حوالے سے تاریخ کا تعین آج ڈویژن کے عہدیداران کی ہونے والی میٹنگ میں کیا جائے گا۔

لودھراں میں شائع ہونے والی مزید خبریں