جہانگیر ترین نے تحریک انصاف سے باقاعدہ علیحدگی اختیار کر لی

لودھراں سیکرٹریٹ سے تحریک انصاف کا جھنڈا اتار دیا گیا،عمران خان کی تصاویر بھی ہٹا دی گئیں

muhammad ali محمد علی ہفتہ 2 اپریل 2022 22:30

جہانگیر ترین نے تحریک انصاف سے باقاعدہ علیحدگی اختیار کر لی
لودھراں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اپریل2022ء) جہانگیر ترین نے تحریک انصاف سے باقاعدہ علیحدگی اختیار کر لی، لودھراں سیکرٹریٹ سے تحریک انصاف کا جھنڈا اتار دیا گیا،عمران خان کی تصاویر بھی ہٹا دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق 2011 سے تحریک انصاف کا حصہ رہنے والے جہانگیر خان ترین نے بالآخر باقاعدہ طور پر وزیر اعظم عمران خان کی جماعت سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔

وزیر اعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد اور پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے انتخاب کے معاملے میں جہانگیر ترین گروپ کی جانب سے مسلم لیگ ن کی حمایت کا فیصلہ کیے جانے کے بعد لودھراں میں تحریک انصاف سیکرٹریٹ سے پارٹی کا جھنڈا اتار دیا گیا۔ لودھراں کے تحریک انصاف سیکرٹریٹ سے وزیر اعظم عمران خان کی تصاویر بھی ہٹادی گئی ہیں، سیکرٹریٹ کا نیا نام جہانگیر ترین پبلک سیکرٹریٹ رکھ دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ اس سے قبل جہانگیر ترین اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ پر اپنے نام کے ساتھ تحریک انصاف کا نام بھی ہٹا چکے۔

واضح رہے کہ ترین گروپ نے باقاعدہ طور پر وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کر دیا۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے قبل حمزہ شہباز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جہانگیر ترین گروپ کے رہنما نعمان لنگڑیال نے وزارت اعلیٰ کے لیے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کیا۔

نعمان لنگڑیال کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ڈیڑھ سال سے حکومت میں رہ کر اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ جہانگیر ترین کی بےلوث سیاسی خدمات کے باوجود ان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے جو افسوسناک ہے۔حمزہ شہباز نے وزارت اعلیٰ کے لیے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کی حمایت کرنے پر ترین گروپ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے نیا پاکستان تو کیا بنانا تھا پرانے پاکستان کو بھی دفن کر دیا۔اللہ کے فضل سے ہم قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں عددی اکثریت پوری کر چکے ہیں۔

لودھراں میں شائع ہونے والی مزید خبریں