لودھراں کے ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے ڈیڑھ سالہ بچی انتقال کرگئی

واقعہ کی انکوائری کی جارہی ہے، غفلت ثابت ہونے پر عملے کے خلاف کارروائی کی جائے گی، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال

جمعرات 5 مئی 2022 15:05

لودھراں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2022ء) لودھراں کے ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے ڈیڑھ سالہ بچی انتقال کرگئی۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لودھراں میں موجود بچی کے والد عبدالرزاق نے بتایاکہ وہ گزشتہ رات 10 بجے اپنی بیٹی کو اسہال اور الٹی کی کیفیت میں ہسپتال لے کر آئے تھے کہ ڈاکٹروں نے اسے چیک کرکے دوائی دی اور کہا بچی ٹھیک ہے اسے گھر لے جائیں۔

(جاری ہے)

بچی کے والد عبدالرزاق کے مطابق طبعیت خراب ہونے پر دوبارہ بچی کو ہسپتال لایا گیا تاہم عملے نے توجہ نہ دی اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر موبائل استعمال کرتا رہا۔بچی کے والد عبدالرزاق نے الزام لگایا کہ ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے ان کی بیٹی فوت ہوئی ہے۔بعد ازاں ورثاء نے بچی کی لاش اٹھا کر اسپتال میں احتجاج کیا اور اسپتال میں توڑ پھوڑ بھی کی۔ بچی کے والد کا یہ بھی کہنا ہے کہ احتجاج کرنے پر ہسپتال کے سکیورٹی گارڈز نے تشدد کیا اور اسلحہ بھی تان لیا اس حوالے سے ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا کہنا ہے کہ واقعہ کی انکوائری کی جارہی ہے، غفلت ثابت ہونے پر عملے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

لودھراں میں شائع ہونے والی مزید خبریں