لورالائی: ایف سی ٹریننگ سینٹر پر دہشت گرد حملہ،4دہشتگرد جہنم واصل کردیے

حملے میں سکیورٹی فورسز کے4 اہلکار شہید اور2 جوان زخمی، دہشتگردوں کے پاس خودکش جیکٹس بھی تھیں،سکیورٹی فورسزنے رہائشی کمپاؤنڈپر دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا۔آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 1 جنوری 2019 20:57

لورالائی: ایف سی ٹریننگ سینٹر پر دہشت گرد حملہ،4دہشتگرد جہنم واصل کردیے
لورالائی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم جنوری2019ء) لورالائی میں دہشتگردوں نے ایف سی ٹریننگ سینٹر پر حملہ کردیا، پاک فورسزنے جوابی کاروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک کردیے، حملے میں سکیورٹی فورسز کے 4 اہلکار شہید اور 2 جوان زخمی بھی ہوئے ہیں، دہشتگردوں کے پاس خودکش جیکٹس بھی تھیں، سکیورٹی فورسزنے رہائشی کمپاؤنڈ پر حملے کو ناکام بنا دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لورالائی میں دہشتگردوں نے چیک پوسٹ سے ملحقہ رہائشی کمپاؤنڈ پر حملے کی ناکام کوشش کی۔

دہشتگردوں نے حملے میں ناکامی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ دہشتگرد فائرنگ کرتے ہوئے چیک پوسٹ سے ملحقہ کمپاؤنڈ میں داخل ہوئے۔ دہشت گردوں نے ٹریننگ سینٹرکے رہائشی اورانتظامی کمپاؤنڈ پرحملے کی کوشش بھی کی۔

(جاری ہے)

تاہم سکیورٹی فورسز نے کمپاؤنڈ کو فوری طور پر محاصرے میں لے لیا، اورتمام دہشتگردوں کو رہائشی علاقے کے داخلی دروازے پر ہی روک لیا گیا تھا۔

جس پر دہشتگردوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے بروقت کاروائی کرکے بڑے جانی نقصان سے بچا لیا۔ فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب جوابی کاروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک کردیے۔ ہلاک دہشتگردوں میں ایک دہشتگرد نے خود کودھماکے سے بھی اڑا یا۔دہشتگردوں کے پاس خود کش جیکٹس بھی تھیں۔ خودکش بمبارنے کلیئرنس کے حتمی مرحلے میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

اسی طرح دہشتگردوں کے حملے میں سکیورٹی فورسز کے 4 اہلکار شہید اور2 زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حملے میں زخمی نوجوانوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ شہداء میں صوبیدار میجر منور، حوالدار اقبال خان، حوالدار بلال اور سپاہی نقشب شامل ہیں۔ حملے کے بعد فورسز نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا اور مشتبہ افراد کی نگرانی شروع کردی ہے۔ جبکہ صوبے میں حساس مقامات کی سکیورٹی بھی سخت کردی گئی ہے۔

واضح رہے دشمن قوتوں نے پاکستان کے امن کو خراب کرنے کی دوبارہ سے کوششیں شروع کردی ہیں۔ اس سے قبل کراچی میں چینی سفارتخانے پر حملہ کیا گیا حملے میں ماسٹرمائنڈ اسلم عرف اچھو کے تانے بانے بھارت میں جا ملے۔ تاہم معلوم ہوا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی کاروائی میں اسلم اچھو کو افغانستان میں مار دیا گیا ہے۔ اسی طرح آج بلوچستان میں حملے کی ناکام کوشش کی گئی۔ پاک فوج اور ہماری سکیورٹی فورسز کے ساتھ عوام دہشتگردوں اور ملک دشمن قوتوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔

لورالائی میں شائع ہونے والی مزید خبریں