پشتون اور دیگر محکوم اقوام و عوام پر پنجاب کے استعماری و آمرانہ قوتوں کی استعماری بالادستی آج بھی مسلط ہے ،رہنما نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ

جمعہ 3 دسمبر 2021 23:57

لورالائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2021ء) نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنماں نے کہا ہے کہ پشتون اور دیگر محکوم اقوام و عوام پر پنجاب کے استعماری و آمرانہ قوتوں کی استعماری بالادستی آج بھی مسلط ہے جسکی وجہ سے پشتون و محکوم اقوام اور پنجاب کے محنت کش عوام تمام قومی، سیاسی، معاشی، ثقافتی حقوق و اختیارات سے محروم ہیں۔ اور ان استعماری بالادستی اور آمرانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملک سنگین سیاسی، معاشی، سماجی بحرانوں اور دہشتگردی، بدامنی، فرقہ واریت اور انتہاپسندی کے شکار ہیں۔

جن کے تباہ کن اثرات سے اقوام و عوام دوچار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار این ڈی ایم کے جنرل سیکرٹری مزمل شاہ، ہارون بازئی، احمد جان خان، اسفند یار خان کاکڑ، ایمل خان ناصر نے لورالائی میں قیوم خان ملازئی کی قیادت میں 12 سیاسی کارکنوں و نوجوانوں کی این ڈی ایم میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس سے قیوم خان ملازئی اور وحید خان نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ قیوم خان ملازئی اور دیگر سیاسی کارکن طلبا و نوجوانوں کی سیاست میں متحرک رہے ہیں اور ان کی شمولیت سے این ڈی ایم سیاسی کارکنوں، نوجوانوں اور عوام میں مزید مقبول ہوگی اور حقیقی جمہوری سیاسی جدوجہد کو تقویت ملے گی اور ہماری قومی سیاست توانا ہو گی۔ کیونکہ حالات اور وقت کا تقاضا ہے کہ ہمارے عوام، نوجوان اور سیاسی کارکن روایتی، موروثی اور ذاتی و خاندانی مفادات کی اجارہ دار سیاست سے نکل کر حقیقی جمہوری سیاست اور جدوجہد کا حصہ بنے اور ہماری قومی سیاست کو درست راہ پر گامزن کرے جس کے لیے این ڈی ایم ہی حقیقی سیاسی پلیٹ فارم ہے۔

مقررین نے کہا کہ پنجاب کے استعماری آمرانہ قوتوں نے پشتون و دیگر محکوم اقوام اور ملک کے عوام کا استحصال کرنے کے ساتھ ساتھ تاریخی افغانستان میں عوام کی منتخب جمہوری حکومت جو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن تھا کو ختم کر کے کروڑوں افغان عوام پر وحشت وبربریت اور تاریکی مسلط کر کے افغانستان کو تمام دنیا سے الگ کر دیا ہے۔ اور خطے و افغان عوام کو تباہ کن صورتحال سے دوچار کیا ہے۔

ایسی صورتحال میں این ڈی ایم ہی باشعور، جمہوری، ترقی پسند اور نیشنلسٹ سیاسی کارکنوں، نوجوانوں اور عوام کی امیدوں کا محور ہے اور اسی پلیٹ فارم سے نجات ممکن ہے۔اس موقع پر لورالائی کے سیاسی کارکنوں اور نوجوانوں: قیوم خان ملازئی، جہانزیب پشتون، عبداللہ، اختر، عظمت خان، کریم، گل بدین، ایاز خان، علی احمد، بسم اللہ، یحیی خان اور معصوم خان نے این ڈی ایم میں شمولیت کا اعلان کیا اور این ڈی ایم کے رہنما رشید حقمل، محمود ناصر، شریف خان ایڈوکیٹ، یونس خان، رحمت وطنپال، خانزادہ شبیر، شفیق بازئی، عطا اللہ تمانخیل، احسان اتل، ہدایت خان، احد خان ناصر اور مہران ناصر بھی موجود تھے۔

لورالائی میں شائع ہونے والی مزید خبریں