تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 25لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ،کوارڈینٹرپولیو ایمرجنسی سینٹربلوچستان راشد رزاق کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 6 دسمبر 2018 23:31

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2018ء) کوارڈینٹرپولیو ایمرجنسی سینٹربلوچستان راشد رزاق نے کہا ہے کہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں 10دسمبر سے شروع ہونے والی تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 25لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،مہم کے دوران 10ہزار 356کے قریب ٹیمیں حصہ لے گی جن میں 8ہزار 829موبائل ٹیمیں ،951فکسڈ سائٹ اور 576ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں،انسداد پولیو مہم کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ کوئٹہ پشین اور قلعہ عبداللہ میں انسداد پولیو مہم پانچ روز تک چلائی جائیگی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو خطیب مرکزی جامعہ مسجد قاری انوارالحق حقانی ،ممبرمرکزی رویت ہلال کمیٹی قاری عبدالرشید اور مولانا عبدالباقی اور دیگر کے ہمراہ پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

راشدرزاق نے کہا کہ ویسے توپولیو سے بچائو کی ہرمہم اہم ہے لیکن دسمبر کی اہمیت اس لیے زیادہ ہے کیونکہ اس ماہ بچوں کی سردیوں کی چھٹیاں شروع جاتی ہے اور چھٹیاں گزارنے کے لیے دوسرے اضلاع یا گرم علاقوں خصوصاً کراچی اور پنجاب اور دیگر شہروں کا رخ کرتے ہیں ،اس کے علاوہ بہت سے لوگ افغانستان بھی جاتے ہیں،بڑے پیمانے پر لوگوں کی نقل وحرکت کا مطلب یہ ہے کہ پولیو وائرس بھی آپ کے ساتھ سفر کرسکتا ہے اور کسی بچے کو اپنا شکار بنا سکتا ہے اس لیے 10دسمبر سے شروع ہونے والی مہم میں ٹرانزٹ پوائنٹس پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے،انہوں نے کہا کہ ہم نے عزم کررکھا ہے کہ اس وقت ک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پورے صوبے سے پولیو کا خاتمہ نہیں ہوجاتا ،لہذا پولیو کا خاتمہ کرنے کے لیے انسداد پولیو کی ہر مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچائو کی ویکسینشن پلانا لازمی ہے اور ساتھ ساتھ بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس مکمل کرانا بھی لازمی ہے تاکہ بچوں میں پولیو سمیت دیگر خطرنات اور جان لیوا بیماریوں سے بچنے کے لیے قوت مدافعت پیدا ہو۔

کواڈینٹر پولیوایمرجنسی آپریشن سینٹر راشد رزاق نے کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے علماء کرام ،قبائلی رہنمائوں اور معتبرین کی بھی مدد لی جارہی ہے ،انہوں نے کہا کہ میڈیا اور شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپناکلیدی کردار ادا کریں تاکہ ہمارے بچے مستقل معذوری سے بچ سکیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے لیے سیکورٹی کے انتظامات بھی مکمل کرلیئے گئے ہیںجس میں بلوچستان لیویز ارو پولیس کے عملے تعینات ہونگے جبکہ فرنٹیئرکور بلوچستان بھی اضافی سیکورٹی فراہم کرے گی،راشد رزاق نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے بار بارضرورپلائیں کیونکہ یہ وائرس یہاں موجود ہے جو کسی بھی وقت ان بچوں پر حملہ آور ہوسکتا ہے ۔

میلسی‎ میں شائع ہونے والی مزید خبریں