ملاکنڈ، اگر حکومت کے پاس پی پی پی کے خلاف کسی قسم کے کرپشن کے ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، لعل محمد خان

اتوار 9 جون 2019 18:40

مالاکنڈ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق وفاقی وزیر لعل محمد خان نے کہا ہے کہ پی پی پی کے قائدین اور ورکرز پر الزامات اور انہیں من گھڑت مقدمات میں تنگ کرنا نئی بات نہیں ہے ۔ حکومت پی پی پی کے قائدین کے خلاف ذاتی عناد پر مقدمے درج کرنے سے گریز کریں اور میڈیا ٹرائل کی بجائے اگر ان کے پاس پی پی پی کے خلاف کسی قسم کے کرپشن کے ثبوت ہیں تو سامنے لائیں ۔

موجودہ حکومت کیساتھ ایکسپرٹ ٹیم نہ ہونے کی وجہ سے مہنگائی کا جن بے قابو ہورہا ہے جس سے غریب آدمی کی زندگی مشکل ہوتی جارہی ہے ۔ ملاکنڈ کے ایم این اے جنید اکبر خان دوسروں پر الزامات اور دوبارہ انتخابات کا چیلنج دینے سے قبل اپنا چھ سالہ کارکردگی دکھائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حجرہ حاجی لیاقت علی بمقام مرشاخیل سخاکوٹ میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممتاز شخصیت اور ضلعی رہنماء محمد اعظم خان ، حاجی قاسم قصاب اور دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔ لعل محمد خان نے کہا کہ بد قسمتی سے ہمیں پارٹی فیصلوں میں اعتماد میں نہیں لیا گیا جس سے منی لاڑکانہ میں پی پی پی کمزور ہو گئی ہے حالانکہ ہم نے گذشتہ انتخابات میں مرکزی چیئرمین بلاول بھٹو کو 42ہزار سے زائد ووٹ دئیے ہیں ۔ سابق وفاقی وزیر لعل محمد خان نے کہا کہ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کیساتھ پی پی پی میں شامل ہو اتھا اور اسی پی پی پی کیساتھ رہونگا اور اگلے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حکمت عملی اور بھر پور قوت کیساتھ اُتریں گے اور ساتھیوں کیساتھ مشاورت کے بعد کسی سیاسی جماعت کیساتھ ایڈجسٹمنٹ یا اتحاد کا فیصلہ کرینگے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم خدمت کرنے والے لوگ ہیں اس لئے تھانہ گرڈ سٹیشن منظور کرایا تھا اور سوات ایکسپریس وے کے لئے سابق وزیر اعلیٰ آمیر حیدر خان ہوتی سے بات کی تھی اور اپنے فنڈز سے سروے کے لئے رقم مختص کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ میںنے اپنے دور میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کئے تھے جبکہ کئی منصوبے اب بھی اُسی طرح ادھورے پڑے ہیں اس لئے موجودہ ایم این اے ان منصوبوں کو تکمیل تک پہنچائیں ۔

مالاکنڈ میں شائع ہونے والی مزید خبریں