کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ راج کا خاتمہ کرکے حقیقی جمہوریت بحال کریں گے ، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان کی معیشت آج افغانستان سے بھی پیچھے ہے ، عمران خان کا پورا ٹولا نااہل ، نالائق اورکرپٹ ترین ہے ، عمران خان نے مچھ متاثرین کو بلیک میلر کہا یہ کس قسم کا انصاف ہے ، چیئرمین پیپلزپارٹی کا پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 جنوری 2021 20:01

کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ راج کا خاتمہ کرکے حقیقی جمہوریت بحال کریں گے ، بلاول بھٹو زرداری
مالاکنڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 جنوری2021ء) چیئر مین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھتو زرداری نے کہا ہے کہ عوام نالائق حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں ، عوام جانتے ہیں یہ تبدیلی والے صرف جھوٹ بولتے ہیں ، تبدیلی والے سارے منافق اور دھوکے باز ہیں ، جوبھی وعدے کیے گئے سارے جھوٹے نکلے، پیپلزپارٹی نے عوام سے جو وعدے کیے وہ پورے کیے۔

  تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ کےعوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے ، ذوالفقارعلی بھٹو نے مالاکنڈ سے ایف سی آر کا خاتمہ کیا ، مالاکنڈ کے عوام نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر آمروں کا مقابلہ کیا ہے ، مالاکنڈ کے عوام سے وعدہ کر رہا ہوں کہ مل کرکٹھ پتلیوں کوبھگائیں گے ، کٹھ پتلی اورسلیکٹڈ راج کا خاتمہ کرکے حقیقی جمہوریت بحال کریں گے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دہشت گردوں نے ہمارے اے پی ایس کے معصوم بچوں کو شہید کیا لیکن آج تک اے پی ایس کے شہید بچوں کو انصاف نہیں دلا سکے ، بلور خاندان اورہزارہ برادری کے معصوموں کو انصاف نہیں دلاسکے ، عمران خان نے مچھ متاثرین کو بلیک میلر کہا یہ کس قسم کا انصاف ہے ، ہمیں یاد ہے کون آپ کے ساتھ کھڑے تھے اورکون دہشت گردوں کے ساتھ تھے ، وزیر اعظم نے متاثرین کے پاس جانے کے بجائے ان کو اپنے پاس بلایا ، نئے پاکستان میں جینا مہنگا اور عوام کا خون سستا ہے ، نالائق حکمران کی وجہ سےہماری معیشت تباہ ہوچکی ہے ، آج کھانے پینے کی اشیاعوام کی پہنچ سے دورہیں ، پہلی بار پاکستان کا اکنامک گروتھ ریٹ منفی میں ہے ، پاکستان کی معیشت آج افغانستان سے بھی پیچھے ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ ہے عمران خان کا نیا پاکستان جس میں لوگ روٹی کیلئے ترس رہے ہیں ، عمران خان کا پورا ٹولا نااہل ، نالائق اور کرپٹ ترین ہے ، عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا لیکن نوجوانوں کو بے روزگار کردیا ، 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن تجاوزات کے نام  پر لوگوں کے گھر گرائے گئے۔ 

مالاکنڈ میں شائع ہونے والی مزید خبریں