مالاکنڈ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام ، داعش کے 3 مبینہ دہشت گرد گرفتار

دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ، سی ٹی ڈی ذرائع

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 فروری 2021 16:17

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 فروری2021ء) صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے مالاکنڈ میں انسداد دہشت گردی کے محکمہ سی ٹی ڈی نے کامیاب آپریشن سے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے مالاکنڈ ریجن میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے داعش کے 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ، جن کی شناخت عبدالرحمان ، عزیز اور فضل قاسم کے ناموں سے کی گئی جب کہ اس کامیاب آپریشن کے نتیجے میں گرفتار کیے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے کثیر مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

اس سے پہلے سکیورٹی اداروں کے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں صوبہ خیبر پختونخواہ کو شہر نوشہرہ بڑی تباہی سے بچ گیا ، خفیہ اطلاعات ملنے پر انسداد دہشت گردی کے محکمہ کی جانب سے کیے جانے والے کامیاب آپریشن میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے ذخیرہ کیے گئے ہتھیار اور بڑی تعداد میں بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کاؤنٹرٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ مردان نے انٹیلی جنس ذرائع سے ملنے والی خفیہ اطلاع پر نوشہرہ کے علاقے شاہین ٹاؤن میں کامیان کارروائی کی ، جہاں پتھروں کے ڈھیر میں چھپایا گیا کثیر تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا گیا ، ان ہتھیاروں میں راکٹ لانچر اور ان کے گولے، 3 دستی بم اور دیگر بارودی مواد بھی شامل ہے جس کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے ناکارہ بنادیا گیا۔

چند روز قبل ہی صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے باجوڑ میں سکیورٹی اداروں نے خفیہ اطلاعات پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پاک افغان سرحد کے قریب کارروائی کی گئی ، خفیہ اطلاعات ملنے پر کیے گئے اس کامیاب آپریشن کے دوران سیکڑوں کلو بارودی مواد اور اسلحہ برآمد ہوا۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ دہشت گرد بھارتی خفیہ ایجنسی "را " کی ایماء پر تخریب کاری کرنا چاہتے تھے جس کی سکیورٹی اداروں کو اطلاعات ملیں تو اس کے نتیجے میں خفیہ اپریشن کیا گیا جس سے تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔

مالاکنڈ میں شائع ہونے والی مزید خبریں