مالاکنڈ؛ سی ٹی ڈی کی کارروائی‘ ٹی ٹی پی کا انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

صوبائی حکومت نے ملزم کی گرفتاری پر 20 لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا ہے، ملزم کے قبضہ سے اسلحہ ، ایمونیشن ، ہینڈ گرینیڈ اور 30 بور پستول برآمد ہوا

Sajid Ali ساجد علی پیر 27 ستمبر 2021 12:54

مالاکنڈ؛ سی ٹی ڈی کی کارروائی‘ ٹی ٹی پی کا انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار
مالاکنڈ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 ستمبر 2021ء ) صوبہ خیبر پختونخوا کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے انتہائی مطلوب دہشت گرد احسان اللہ عر ف طلحہٰ کوگرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی مالاکنڈ ریجن نے انٹیلی جنس آپریشن کے دوران اشتہاری مجرم احسان اللہ عرف طلحہٰ کو گرفتار کیا ، ملزم کے قبضہ سے اسلحہ ، ایمونیشن ، ہینڈ گرینیڈ اور 30 بور پستول برآمد ہوا ، گرفتار دہشت گرد مختلف دہشت گردی کے مقدمات میں مطلوب تھا جس کی وجہ سے صوبائی حکومت نے ملزم کی گرفتاری پر 20 لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ملزم نے 2009ء میں تخریب کاری کے لیے ضلع بونیر میں چوک بازار سواڑئی اور ڈھیرئی پل پر بم نصب کرکے دھماکہ کیے ، گرفتار دہشت گرد کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے ماہر تفتیشی ٹیم مقرر کردی گئی ہے جہاں اس سے تفتیش جاری ہے جس میں مزید اہم انکشافات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اُدھرصوبہ بلوچستان کے علاقہ مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کا صوبائی امیر ہلاک ہو گیا ، فورسز کی جانب سے بلوچستان میں مستونگ کے علاقے کانک میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ، جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کا صوبائی امیر ہلاک ہوگیا اس دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ، ہلاک دہشت گرد کی شناخت ممتاز کے نام سے ہوئی جو کہ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور عام شہریوں پر متعدد حملوں میں ملوث تھا۔

علاوہ ازیں صوبہ بلوچستان کے علاقے تربت میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے3 مبینہ خودکش بمبار گرفتار کرلیے، گرفتار دہشتگردوں سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا، گرفتار دہشتگرد غیرملکیوں کے قافلے پر خودکش حملے کی سہولتکاری میں ملوث تھے ، تربت میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاعات پر دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی، سی ٹی ڈی نے کاروائی کے دوران 3 مبینہ خودکش بمبار گرفتار کرلیے ہیں، گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد ہوا ہے، گرفتار دہشتگرد غیرملکیوں کے قافلے پر خودکش حملے کی سہولت کاری میں ملوث تھے۔

مالاکنڈ میں شائع ہونے والی مزید خبریں