ملاکنڈ، تحصیل کونسل درگئی میں مختلف قراردادوں کی منظوری

پیر 17 جون 2019 23:54

ملاکنڈ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) تحصیل کونسل درگئی نے ترقیاتی اسکیمیں بر وقت مکمل نہ کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی اور علاقے میں ہیروئن اور آئیس سمیت دیگر منشیات کے کھلے عام فروخت پران کے خلاف ایکشن لینے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ۔ ہیروئن اور آئیس کے کھلے عام فروخت سے نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اور سخاکوٹ سمیت دیگر قبرستان منشیات فروشوں کے آڈے بن چکے ہیں اس لئے انتظامیہ فی الفور اور سخت کارروائی عمل میں لائیں ۔

بروقت ترقیاتی اسکیمیں مکمل نہ کرنے والے ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کیا جائیگا جبکہ سخاکوٹ سٹریٹ لائٹس کی تنصیب بہت جلد مکمل کی جائیگی ۔ اس سلسلے میں تحصیل کونسل درگئی کا اجلاس زیر صدارت کنوینیر حاجی اعظم خان منعقد ہوا جس میں تحصیل ناظم درگئی عبد الرشید بھٹو ، ٹی ایم او جہانگیر خان اور سیکرٹری طاہر گل سمیت ٹی او آر، ایکسیئن اکرام خان اور انجینئرنگ سٹاف نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلا س سے ممبران کونسل حاجی افتخار خان ، قاضی رشید احمد ،سبز علی خان ، راشد حسن ، پیر قدیم خان ، وکیل شاہ ،احسان الله اور ارشاد مہمندسمیت دیگر نے خطاب کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل ناظم عبد الرشید بھٹو نے کہا کہ امسال تحصیل کونسل درگئی کے لئے ترقیاتی فنڈز بجٹ دو کروڑ 23لاکھ روپے مختص کی گئی ہے جس میں ایک کروڑ دس لاکھ روپے ڈسکریشن فنڈ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بر وقت اورصحیح طریقے سے ترقیاتی اسکیمیں مکمل نہ کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کی جائیگی جس کے لئے کمیٹی تشکیل دیکر دو دن میں رپورٹ تیار کی جائے ۔تحصیل ناظم نے کہا کہ ہم عوام کے خدمت اور مسائل سے غافل نہیں ہیں اور ان کے مسائل ان کے دہلیز پر حل کرنے کی بھر پور کوشش کرینگے ۔اس موقع پر نائب ناظمین سبز علی خان اور پیر قدیم خان نے قرارداد پیش کی جس میں سخاکوٹ اور درگئی میں ہیروئن اور آئیس کے بڑھتے ہوئے کاروبار اور استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا جس پر تحصیل کونسل نے متفقہ طور پر قرارداد کی منظوری دی اور اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر درگئی سمیت دیگر متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ منظم طریقے سے ہیروئن اور آئیس گھر گھر پہنچائے جا رہے ہیں جبکہ سخاکوٹ قبرستان اور ملحقہ علاقے منشیات فروشوں اور نشئی آفراد کے آڈے بن چکے ہیں اور انتظامیہ ان کے خلاف کسی قسم کی کاروائی نہیں کر رہی ہے ۔ اجلاس کے دوران سٹریٹ لائٹس سخاکوٹ ، گرلز کالج درگئی کے سامنے پُل کے تعمیر ، سلائی مشینوں کے فروخت اوردستکاری سنٹروں کے اُستانیوں کے تنخواہوں کی آدائیگی پر تفصیلی بحث کی گئی ۔

نائب ناظم سبز علی خان نے کہا کہ خریدی گئی سلائی مشین میڈ ان پاکستان ہے جس کی قیمت چائنہ مشینوں سے بھی زیادہ لگائی گئی ہے جو کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانا ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ درگئی کی نیلامی 2 کروڑ 27لاکھ روپے سے زائد، سخاکوٹ میلہ مویشاں کی نیلامی 30لاکھ روپے سے زائد جبکہ ٹرک آڈہ 27لاکھ سے زائد اور سائن بورڈز کا ٹھیکہ 9لاکھ روپے سے زائد پر دیا گیا ہے جو کہ گذشتہ سال کی نسبت زیادہ ہے ۔

حاجی افتخار خان نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز میں تمام ممبران کو یکساں فنڈز دئیے جائیں تاکہ منتخب ممبران کونسل اپنے اپنے حلقوں میں عوام کے مسائل کے حل کے لئے استعمال کر سکیں ۔اس موقع پرممبر تحصیل کونسل پیر قدیم خان نے ٹی ایم اے آفس سے متصل آراضی پر پلازہ تعمیر کرنے کے سلسلے میں فریق سے مذاکرات کرنے کی رپورٹ بھی پیش کی جبکہ درگئی بازار میں کارپارکنگ کے لئے حاصل کی گئی آراضی مالک کو دو سال کا اجارہ ادا کرنے کی منظوری بھی دی گئی ۔

مالاکنڈ میں شائع ہونے والی مزید خبریں