سوات اور سیاحت لازم وملزوم ہیں،کمشنرمالاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود

بدھ 12 فروری 2020 22:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2020ء) کمشنرمالاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود نے کہاہے کہ سوات اور سیاحت لازم وملزوم ہیں اور امسال سیزن سے قبل جگہ جگہ سہولت گاہیں قائم کی جارہی ہیں، سڑکوں کی تعمیر سے امسال زیادہ سیاحوں کی آمد متوقع ہے، مواصلات کا نظام بہترہونے سے سیاحوں کو سہولیات مل رہی ہیں،سیاحت کے فروغ کے لئے جامع منصوبہ بندی بنائی گئی ہے، سیاحوں کی سہولت کے لئے جگہ جگہ سہولت سنٹرز بنارہے ہیں،سیاحتی مقامات سے باہر پارکنگ اور صفائی کا انتظام کیا جائے گا،ہوٹلز ایسوسی ایشن سے مشاورت کر کے کرایہ مختص کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر سیدوشریف میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ سوات موٹروے،مالم جبہ روڈ اور کالام روڈ کی تعمیر کے بعد اب گبین جبہ روڈ اور سوات ایکسپریس وے کی تعمیر کے لئے بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ سوات کے خوب صورت مقامات دیکھنے کے لئے زیادہ سے زیادہ سیاح آسکے انہوں نے کہاکہ انتظامیہ سیاحتی مقامات پر صفائی کے لئے بھی اقدامات کررہی ہے جبکہ دریائے سوات کو محفوظ اورخوب صورت بنانے کے لئے بھی اقدامات کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ ملاکنڈ ڈویڑن میں قائم دارالامان سمیت دیگر اداروں میں موجود خواتین کو سلائی مشینیں فراہم کررہے ہیں تاکہ کپڑے کے بیگ بناکر مارکیٹ میں سپلائی کی جاسکے اورپولی تھین بیگز کا خاتمہ کیا جاسکے انہوں نے کہاکہ کپڑے کے بیگز سہولت گاہوں پر دستیاب ہوں گے اور ان سہولت گاہوں میں سیاحوں کے آرام کے ساتھ ان کی ہرقسم کی مدد بھی کی جائے گی انہوں نے کہاکہ دریائے سوات میں غیرقانونی کھدائی روکنے کے لئے پالیسی بنارہے ہیں اور ریورپروٹیکشن ایکٹ پر عملدرآمد کے لئے بہت جلد عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

مالاکنڈ میں شائع ہونے والی مزید خبریں