بلاول بھٹو نے پارٹی چھوڑنے والوں کیلئے دروازے کھول دیے

جس نےجدوجہد کےسفرمیں میراساتھ چھوڑنا ہےوہ چلا جائےمیں نے بتیاں گل کردی ہیں،لیکن میں غریبوں کی طاقت سے آگے بڑھتا رہوں گا۔منڈی بہاؤالدین میں پارٹی کارکنان سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 7 مئی 2018 17:30

بلاول بھٹو نے پارٹی چھوڑنے والوں کیلئے دروازے کھول دیے
منڈی بہاؤالدین (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 مئی 2018ء) : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پارٹی چھوڑنے والوں کیلئے دروازے کھول دیے،جس نے جدوجہد کے سفر میں میرا ساتھ چھوڑنا ہے وہ چلا جائے میں نے بتیاں گل کردی ہیں،لیکن میں غریبوں کی طاقت سے آگے بڑھتا رہوں گا۔انہوں نے آج منڈی بہاؤالدین میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب کی مدد نہیں ہورہی ہے تووہ خلائی مخلوق کی بات کررہے ہیں۔

انہوں نے پارٹی چھوڑنے والوں کوپیغام دیا کہ جس نے جدوجہد کے سفر میں میرا ساتھ چھوڑنا ہے وہ چلا جائے میں نے بتیاں گل کردی ہیں۔لیکن میں غریبوں کی طاقت سے آگے بڑھتا رہوں گا۔انہوں نے کہاکہ ان کی نظر آنے والے الیکشن ،اقتدار پر ہے جبکہ میری نظرآنے والی نسلوں پرہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ایک نظریہ ہے اور میں اس کی میراث ہوں۔پیپلزپارٹی ، ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو اگر آج بھی زندہ ہیں توآپ کی وجہ سے ہے۔

دنیا کی کوئی طاقت مجھے عوام سے دور نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے زراعت اور اداروں کوتباہ کردیا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ خان صاحب صرف فائرنگ کرتے ہیں۔کیاانہوں نے کے پی کے میں کوئی تعلیمی نظام بنایا؟عمران خان اور نوازشریف کی سوچ اور ایجنڈا ایک ہے۔عمران خان نوازشریف کا تسلسل ہے۔جبکہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی سیاست کی ہے۔

اس سے قبل انہوں نے پھالیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مطالبہ کرتے ہیں کہ احسن اقبال کے حملہ آوروں کوکیفرکردار تک پہنچایا جائے۔نفرت کی سیاست نے ملک کواس نہج پرپہنچا دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ الیکشن میں تاخیر سے متعلق عمران خان نے اپنی خواہش کا اظہار کیا ہوگا۔سکیورٹی کا بہانہ کرالیکشن میں تاخیر نہیں کی جاسکتی۔عراق اور افغانستان میں بھی الیکشن ہوتے رہے ہیں۔

مجھے کوئی قانونی وجہ نظر نہیں آرہی کہ الیکشن میں تاخیر کی جاسکے۔آئینی لحاظ سے الیکشن میں کوئی تاخیری بات نظر نہیں آرہی۔انہوں نے ایک سوال پردوٹوک کہا کہ پی ٹی آئی سے الیکشن سے پہلے اتحاد نہیں ہوسکتا۔بلاول نے کہا کہ میاں صاحب ،پروپیگنڈا کے ماہر ہیں۔مسلم لیگ ن کا کوئی بندہ جیل میں نہیں ہے۔جبکہ ہمارے لوگ توجیلوں میں بھی رہے ہیں۔

منڈی بہاؤالدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں