بیوی نے شوہر کو دوسری شادی کرنے پر اغوا کر لیا

پہلی بیوی نے گھر والوں کی مدد سے شوہر کو سگنل پر باندھ دیا،پولیس نے موقع پر پہنچ کر شوہر کی جان چھڑائی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 28 جنوری 2020 14:15

بیوی نے شوہر کو دوسری شادی کرنے پر اغوا کر لیا
منڈی بہا الدین (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جنوری 2020 ء ) پہلی اہلیہ نے خاوند کا اغوا کر کے سگنل سے باندھ دیا۔تفصیلات کے مطابق منڈی بہا الدین میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا ہے جہاں خاوند نے دوسری شادی کی تو پہلی بیوی غم کا شکار ہو گئی۔شدید غصے میں آ کر پہلی اہلیہ نے اپنے بھائی،ماں اور بہن کی مدد سے خاوند کو اغوا کر لیا۔خاتون نے شوہر کو ٹریفک سگنل سے باندھ دیا۔

پولیس موقع پر پہنچی اور شوہر کو نجات دلائی۔بتایا گیا ہے کہ منڈی بہا الدین کے رہائشی محمد افضل کی شادی 19 سال قبل بنین نامی خاتون سے ہوئی۔شادی کو کئی سال گزرنے کے باوجود بھی اولاد نہ ہوئی تو شوہرنے دوسری شادی کا فیصلہ کیا لیکن پہلی بیوی کو شوہر کا یہ اقدام ایک آنکھ نہ بھایا۔جس کے انہوں نے خاوند کو اپنے اہلخانہ کی مدد سے اغوا کیا اور سگنل سے باندھ دیا۔

(جاری ہے)

مکینوں نے پولیس کو بتایا کہ ایک خاتون نے اپنے شوہر کو سگنل سے باندھ دیا ہے۔پولس نے اس حوالے سے مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش جاری ہے۔جلد ہی انہیں گرفتار کر کے قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل مدینہ ٹاؤن میں پیش آیا جہاں شہری کو دوسری شادی کرنا مہنگا پڑ گیا ۔

بیوی نے شوہر کو دوسری شادی کرنے کی سخت سزا دی۔ بیوی نے دوسری شادی کرنے پر شوہر کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا اور بعدازاں فرار ہو گئی۔بیوی نے اپنے شوہرپر چھریوں کے وار کیے جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ریسکیو نے مذکورہ شخص کو تشویشاناک حالت میں اسپتال منتقل کیا تھا۔خیال رہے کہ دوسری شادی کرنے پر اکثر ایسے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔شجاع آباد میں بھی دوسری شادی کی اجازت مانگنے پر میاں بیوی میں جھگڑا ہوا گیا تھا ۔ دوسری شادی کی اجازت مانگنے پر خاتون نے اپنے شوہر اور نندوں کو پیٹ ڈالا تھا۔

منڈی بہاؤالدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں