سنگدل باپ نے تیسری شادی میں رکاوٹ بننے پر بیٹی کو قتل کردیا

20 سالہ لڑکی کی لاش سڑک کنارے ملی،ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 18 اپریل 2020 16:44

سنگدل باپ نے تیسری شادی میں رکاوٹ بننے پر بیٹی کو قتل کردیا
منڈی بہاولدین (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-18اپریل2020ء) سنگدل باپ نے تیسری شادی میں رکاوٹ بننے والی بیٹی کو قتل کردیا،20 سالہ لڑکی کی لاش سڑک کنارے ملی،ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق منڈی بہاولدین میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں باپ نے تیسری شادی میں رکاوٹ بننے پر اپنی ہی بیٹی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔بیٹی کو قتل کرنے کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔

بیس سالہ مقتولہ کا نام عائشہ غلام ہے۔عائشہ کی لاش جنڈ بوسال کے قریب سڑک کنارے سے ملی تھی۔پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کردیا۔جبکہ تفتیش کرنے پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم غلام علی کی پہلی بیوی کا انتقال ہو چکا ہے اور دوسری کو وہ خود ہی طلاق دے چکا ہے۔پولیس نے مقتولہ کے چچا کی درخواست پر باپ اور نامعلوم ملزمان کے خلاف تھانہ گوجرہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں، نواحی گاؤں گہلن ہٹھاڑ میں سنگدل باپ نے دوسری بیوی سے مل کر اپنی پہلی بیوی کی آٹھ ماہ کی بیمار بیٹی کو گلا دبا کر قتل کر نے کے بعد لاش کو گھر کے صحن میں دفنا دیا تھا۔

بتایا گیا کہ ملزم شریف نے دو سگی بہنوں نبیلہ اور اٹھارہ سالہ زینب سے شادی کر رکھی تھی، نبیلہ کو طلاق دینے کے بعد اپنے ساتھ ایک ہی گھر میں رکھا ہوا تھ،ا ایمان فاطمہ پہلی بیوی نبیلہ کی بیٹی تھی اور اکثر بیمار رہتی تھی ،الہ آباد سنگدل باپ شریف نے اپنی دوسری بیوی سے مل کر اپنی آٹھ ماہ کی بیمار معصوم بچی ایمان فاطمہ کو مارنے کے بعد لاش کو گھر کے صحن میں دفنا دیا۔ہمسایوں کی اطلاع پر پولیس نے نعش کو گھر سے برآمد کر لیا۔ ہمسایوں کی اطلاع پر پولیس نے بچی کی نعش کو برآمد کر کے بچی کو قتل کرنے والا سفاک والد شریف اور اسکی دوسری بیوی زینب کو گرفتار کر لیا۔

منڈی بہاؤالدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں