شوہر سے جھگڑا ہونے پر سفاک خاتون نے بچوں کو زہر دے دیا

دونوں بچوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن 6 ماہ کا بچہ زہر کی زیادتی کی وجہ سے جانبر نہ ہوسکا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 27 ستمبر 2021 13:06

منڈی بہاؤالدین (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 ستمبر 2021ء) : شوہر سے جھگڑا ہونے پر سفاک خاتون نے اپنے دو کم سن بچوں کو زہر دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤ الدین میں خاتون نے شوہر سے جھگڑے کے بعد دو کم سن بچوں کو زہر دے دیا۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤ الدین کی رہائشی خاتون نے اتوار کے روز شوہر لڑائی کی بھینٹ دو کم سن بچے چڑھ گئے، ماں نے اپنے ہی بچوں کو زہر دے دیا جن میں سے ایک 6 ماہ کا شیر خوار دم توڑ گیا۔

زہر کی وجہ سے بچوں کی حالت خراب ہوئی تو والد انہیں چلڈرن اسپتال کی ایمرجنسی میں لے کر پہنچا، جہاں ڈاکٹر نے دونوں بچوں کا علاج کیا لیکن زہر کی زیادتی کی وجہ سے 6 ماہ کا جانبر نہ ہوسکا اور دورانِ علاج ہی دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

بچے کی ہلاکت کے بعد والد اور رشتہ داروں نے کالج چوک پر احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر سڑک کو بند کردیا جس کے بعد یہاں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

مظاہرین نے بچے کی ماں اور سسرالیوں پر زہر دینے کا الزام بھی عائد کیا۔ اطلاع موصول ہونے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی۔ پولیس نے مظاہرین کو انصاف فراہم کروانے کی یقین دہانی کروائی اور احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش کی جارہی ہے، معاملے کو دیکھنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ملتان میں بھی 3 بچوں کی ہلاکت ہوئی تھی۔

اس حوالے سے ایس پی ملتان کامران کے مطابق والدین نے غربت سے تنگ آکر بچوں کو کھانسی کے نام پر زہریلی دوا کھلائی، جس کی وجہ سے اُن کی اموات ہوئیں۔ پولیس افسر کے مطابق بچوں کی والدہ نے انکشاف کیا کہ شوہر خود جا کر زہریلی دوا لایا اور پھر یہ خاتون کے حوالے کی، دونوں نے مل کر رات کے وقت بچوں کو یہ دوا کھلائی۔ ایس پی کے مطابق دلبرداشتہ والد نے بھی زہر کھا کر اپنی زندگی کاخاتمہ کیا۔

منڈی بہاؤالدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں