عدم اعتماد کی بات کرنے والوں پر ان کے گھر والے بھی اعتماد نہیں کرتے، یہ بڑے چور ہیں، ان سے پیسہ واپس آنا چاہئے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا جلسہ سے خطاب

جمعہ 18 فروری 2022 19:12

منڈی بہائوالدین۔18فروری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی . 18  فروری 2022ء) :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی بات کرنے والوں پر ان کے گھر والے بھی اعتماد نہیں کرتے، ان کے گھر والے بھی کہتے ہیں کہ ان کے پاس پیسہ رکھوایا تو یہ لے کر لندن بھاگ جائیں گے، یہ بڑے چور ہیں، ان چوروں اور ڈاکوئوں سے پیسہ واپس آنا چاہئے۔

جمعہ کو یہاں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدم اعتماد کی باتیں کرنے والوں کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ ان کی کیسز سے جان چھوٹ جائے، ہم نے انہیں کیسوں سے نہیں نکلنے نہیں دینا، انہیں سزائیں دلوانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بیٹی عدالتوں میں کیس بھگت رہی ہے اور باپ اور بیٹے لندن میں ہیں، ایسے لوگوں پر کون اعتماد کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مدرسے کے بچوں کے بل بوتے اور نان قیمے پر جلسے نہیں کئے جا سکتے، بھان متی کا کنبہ (اپوزیشن) آئے دیکھے جلسے کیسے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منڈی بہائوالدین میں شاندار جلسہ کے انعقاد پر تحریک انصاف کی لیڈر شپ کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں، کہا جاتا تھا کہ جلسے اپوزیشن میں کامیاب ہوتے ہیں، آج ثابت ہو گیا ہے کہ جلسے حکومت میں رہتے ہوئے بھی کامیاب ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم کہتے ہیں کہ پاکستان کا نظام ٹھیک کرنا ہے تو ہم صرف عمران خان پر اعتماد کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے منڈی بہائوالدین اور جہلم کے عوام کیلئے تاریخی ترقیاتی منصوبے دیئے، اس طرح کے ترقیاتی کام ان علاقوں میں پہلے کبھی نہیں ہوئے، منڈی بہائوالدین کی لیڈر شپ نے بھی علاقے کی ترقی کے لئے بے پناہ کام کئے، انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ قبل ازیں جلسہ گاہ آمد پر منڈی بہائولدین کے عوام نے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا شاندار استقبال کیا۔

منڈی بہاؤالدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں