وزیراعظم عمران خان کا منڈی بہاؤالدین میں جلسہ، رسول روڈ سے اسٹیڈیم تک سڑک کی راتوں رات مرمت کر دی گئی

وزیراعظم عمران خان ہیلی کاپٹر کے ذریعہ منڈی بہاؤالدین پہنچے، ہیلی پیڈ میونسپل اسٹیڈیم رسول روڈ پر بنایا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 فروری 2022 11:21

وزیراعظم عمران خان کا منڈی بہاؤالدین میں جلسہ، رسول روڈ سے اسٹیڈیم تک سڑک کی راتوں رات مرمت کر دی گئی
منڈی بہاؤالدین (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 فروری 2022ء) : وزیراعظم عمران خان کی منڈی بہاؤ الدین آمد کے پیش نظر رسول روڈ سے اسٹیڈیم تک سڑک کی راتوں رات مرمت کی گئی۔ اس حوالے سے قومی اخبار روزنامہ جنگ میں شائع رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ہیلی کاپٹر کے ذریعہ منڈی بہاؤالدین پہنچے، ہیلی پیڈ میونسپل اسٹیڈیم رسول روڈ پر بنایا، ہیلی پیڈ سے جلسہ گاہ تک روٹ کے اطراف کے راستوں کو بیرئیرز اور شامیانے لگا کر سیل کردیا گیا تھا . رسول روڈ سے قائد اعظم اسٹیڈیم تک سڑک کی راتوں رات خاص طور پر مرمت کی گئی، جنرل بس اسٹینڈ پر پبلک ٹرانسپورٹ کی آمدورفت بھی معطل رہی . میڈیا نمائندگان کو جلسہ گاہ میں کیمرے لے جانےکی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

جلسہ گاہ میں کم اسپیکرز کی وجہ سے جلسے کے آخر میں بیٹھے شرکا کو وزیر اعظم کی تقریر سننے میں مشکلات کا سامنا رہا، کارکنوں کے مختلف قافلے ڈھول کی تھا پ پر رقص کرتے ہوئے جلسہ گاہ میں داخل ہوئے ،سیکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔

(جاری ہے)

مختلف مقامات جہاں خواتین کھڑی تھیں وہاں پولیس اہلکار سخت نگرانی کرتے رہے، وزیر اعظم تین بج کر 29 منٹ پر جلسہ گاہ کے اسٹیج پر پہنچے، پونے چار بجے اپنی خطاب کا آغاز کیا جو تقریبا 35 منٹ تک جاری رہا، ریسکیو1122 کی جانب سے 86 ریسکیورز، آٹھ ایمبولنس، چار فائر وہیکلز، دو اسپیشل وہیکل، آٹھ موٹربائیک مختلف مقامات پر تعینات رہیں ۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز منڈی بہاؤالدین میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے کبھی ایک بیماری تو کبھی دوسری بیماری میں مبتلا ہونے کی باتیں سامنے آئیں، نواز شریف کی پلیٹ لیٹس کی بات ہوتی ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ شاید نواز شریف آج گئے یا کل، لیکن ایسا نہ ہوا، دراصل ہم نے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دے کر سب سے بڑی غلطی کی۔

منڈی بہاؤالدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں