گرین پاکستان پروگرام کے تحت جنگی بنیادوں پر شجرکاری کو فروغ دینا ہوگا، کاشف جلیل

7 درختوں کی نگہداشت کیلئے اپنی انفرادی اور اجتماعی کوششیں بروئے کار لانا ہونگی تاکہ ہماری آئندہ نسلیں صحت مند زندگی گزارسکیں، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہائو الدین

جمعرات 14 مارچ 2019 19:51

منڈی بہائو الدین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مارچ2019ء) اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہائو الدین کاشف جلیل نے کہا ہے کہ گرین پاکستان پروگرام کے تحت ہمیں جنگی بنیادوں پر شجرکاری کو فروغ دینا ہوگا اور درختوں کی نگہداشت کیلئے اپنی انفرادی اور اجتماعی کوششیں بروئے کار لانا ہونگی تاکہ ہماری آئندہ نسلیں صحت مند زندگی گزارسکیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ تعلیم منڈی بہائو الدین40ہزار پودے جبکہ محکمہ صحت 12ہزار پودے لگانے کا ہدف حاصل کرینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ریویو کمیٹی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ، سی ای او ایجوکیشن،ڈی اوز اور ڈپٹی ڈی اوز سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے تمام محکموں کیلئے ضلعی سطح سے لے کر یوسی لیول تک گرین پاکستان پروگرام کے تحت ٹری پلانٹیشن کا ہدف مقرر کیا ہے۔

جسے سات یوم کے اندر پورا کیا جائیگا اور اس سلسلے میں 19مارچ کو ضلعی سطح کے علاوہ تحصیل اور یوسی لیول پر بھی ٹری پلانٹیشن کے حوالے سے خصوصی آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا جائیگا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ضلعی تحصیل اور یوسی لیول پر صفائی ستھرائی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے اور شہری اور دیہی علاقوں میںصفائی کیلئے روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے محکمہ تعلیم صحت اور دیگر تمام اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ گرین پاکستان پروگرام کے تحت ٹری پلانٹیشن کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر کی جانے والے سرگرمیوں کی فوٹو گرافک ثبوت بھی پیش کئے جائیں۔انہوںنے کہا کہ گرین پاکستان اور کلین اینڈ گرین پنجاب کا بنیادی مقصد زیادہ سے زیادہ ماحول دوست پودے لگا کر ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کو کنٹرول کرنا ہے تاکہ شہری صاف ستھرے ماحول میں سانس لے سکیں۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ 23مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر ضلع کونسل ہال میں ایک مرکزی تقریب کا انعقاد کیا جائیگا۔ جس میں کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے تحت نمایاں کارکردگی کرنے والوںکو تعریفی سرٹیفکیٹ اور اسناد دی جائینگی۔

منڈی بہاؤالدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں