تقریروں سے نہیں عملی اقدامات سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہے ،محمدشفیق

انسداد پولیو آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جائے تا کہ لوگوں میں شعور پیداہو اور وہ اپنے بچوں کو رضاکارانہ طور پر پولیو ویکسین کے قطرے پلوائیں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر منڈی بہائوالدین

جمعرات 24 اکتوبر 2019 23:51

منڈی بہاو الدین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اکتوبر2019ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ عملی اقدامات سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہے ، تقریروں اور باتوں سے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے،انسداد پولیو آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جائے تا کہ لوگوں میں شعور پیداہو اور وہ اپنے بچوں کو رضاکارانہ طور پر پولیو ویکسین کے قطرے پلوائیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ضلع کونسل ہال میں عالمی یوم انسداد پولیو کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کا تھیم ''آئیں ملکر بنائیں، پولیو سے پاک پاکستان"۔ سیمینار کا اہتمام محکمہ صحت کی جانب سے کیا گیا۔ سیمینار میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد علی مفتی، ڈی اوز ہیلتھ ،رافعہ ناہید، ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں کے علاوہ دوسرے متعلقہ محکموں کے افسران، محکمہ صحت کے افسران و اہلکاران ، لیڈی ہیلتھ وزیٹرز اور پولیو ورکروں کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے عالمی یوم انسداد پولیو کی تقریب کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے سیمینار کی صدارت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ ملک کو پولیو فری بنانے کیلئے حکومت جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ عمر بھر کی معذوری سے بچوں کو بچانے کیلئے ملک کے ہر شہری کو محکمہ صحت کے شانہ بشانہ انسداد پولیو مہم کیلئے جدوجہد کرنا ہو گی۔

انہوں نے شرکائ سیمینار پر واضح کیا کہ والدین پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے کم سن بچوں کو پولیو کے قطرے پلوا کر انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ افسران و اہلکاران کے علاوہ تمام پولیو ورکرز محکمے کا قابل فخر سرمایہ ہیں۔ امید ہے کہ ان کی عملی اور ان تھک کاوشوں سے ملک بالخصوص صوبہ پنجاب بہت جلد پولیو فری زون بن جائے گا۔ سیمینار سے ڈی ایچ او ڈاکٹر فضل اعوان اور ڈبلیو ایچ کے نمائندوں کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور انسداد پولیو سے متعلق مفید معلومات شیئر کیں۔ بعد ازاں مہمان خصوصی اے ڈی سی جنرل کی قیادت میں انسداد پولیو ، انسداد ڈینگی اورا نسداد پریسٹ کینسر کے حوالے سے علامتی واکس بھی کی گئیں۔

منڈی بہاؤالدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں