جنگلات کی کمی اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے شجرکاری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، ڈپٹی کمشنر

پیر 8 مارچ 2021 17:52

منڈی بہاؤالدین ۔8 مارچ  (ردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔08 مارچ ۔2021ء) :ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ جنگلات کی کمی اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے شجرکاری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، پودے صاف ماحول اور اچھی صحت کے ضامن ہوتے ہیں،تمام محکمے محکمہ جنگلات کی رہنمائی میں اپنی مدد آپ کے تحت مقامی سطح پر پیدا ہونے والے پودوں کی نرسریاں لگائیں اور شجرکاری مہم کو کامیاب بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے     ڈی سی آفس میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر حسین شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ،اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شہزاد اختر تارڑ،ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدرکے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی او فاریسٹ رانا اکرم نے محکمہ جنگلات منڈی بہاؤالدین کی زیر نگرانی مقامی اور علاقائی پودوں پر مشتمل نرسریوں اور شجرکاری مہم کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے بعد ڈپٹی کمشنر نے ڈی او فاریسٹ کو ہدایت کی کہ وہ تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز   کے ساتھ مل کر مقامی سطح پر نرسریوں کے قیام میں نا صرف معاونت کریں بلکہ موسم بہار کی شجرکاری کے حوالے سے مقرر کردہ اہداف کو بھی مکمل کریں گے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ موسم بہار شجرکاری مہم کے حوالے سے تمام امورز کی باقاعدگی سے نگرانی کریں گے ۔

انہوں نے تمام افسران کو 15مارچ سے قبل موسم بہار کی شجرکاری مہم کے مقرر کردہ اہداف حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے بتایا کہ امسال منڈی بہاؤالدین میں محکمہ جنگلات کی معاونت اور رہنمائی سے ضلع بھر کے تمام محکمے ، نجی ادارے بالخصوصی عوام الناس کے تعاون سے اپنی مدد آپ کے تحت خالی جگہوں اور پلاٹوں پر مقامی اور علاقائی پودوں کی نرسریوں کو فروغ دے کرضلع میں 10 لاکھ پودے لگانے کا ٹارگٹ حاصل کیا جائے گا۔

انہوں نے باور کرایا کہ کسی بھی ملک کے 25 فیصد رقبے پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں صرف چار فیصد رقبے پر جنگلات پائے جاتے ہیں جو کہ انتہائی خطرناک صورتحال ہے اس سے نمٹنے کیلئے ہمیں جنگی بنیادوں پر شجرکاری کو فروغ دینا ہوگا اور درختوں کی نگہداشت کیلئے اپنی انفرادی اور اجتماعی کوششیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ 

متعلقہ عنوان :

منڈی بہاؤالدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں