اوگی کے ہائیر سکینڈری سکولوں میں انٹر کلاسز میں ایس ایس سٹاف کی کمی سے طلباء کا قیمتی وقت ضائع ہونے لگا

جمعرات 16 اگست 2018 15:01

مانسہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) تحصیل اوگی کے جملہ ہائیر سیکنڈری سکولوں میں انٹر کلاسز کو چلانے کیلئے ایس ایس سٹاف کی کمی کے باعث طلباء و طالبات کا قیمتی وقت ضائع ہونے لگا، آسامیوں پر پوری طرح تعیناتی نہ ہونے کے سبب ہائیر سیکنڈری سکولوں میں انٹر کلاسز کے ثمرات سے طلباء و طالبات محروم ہونے لگے۔ معیاری کارکردگی پیش کرنے والے گرلز ہائیر سیکنڈری ڈنڈا خولیاں میں سرے سے ابھی تک انٹر کلاسز کا اجراء ہی نہیں ہو سکا، ہائیر سیکنڈری سکولوں میں ایس ایس سٹاف کمی سے امسال بھی میٹرک پاس کرنے والے سینکڑوں بچے اور بچیاں تعلیمی سلسلہ منقطع کرنے پر مجبور ہیں۔

چیئرمین اور یو سی کروڑی سے ممبر تحصیل کونسل حافظ محمد یونس نے صوبائی حکومت کے سیکرٹری تعلیم سے یو سی کروڑی سمیت تحصیل اوگی کے تمام ہائیر سیکنڈری سکولوں میں ایس ایس سٹاف کی آسامیوں پر تعیناتیوں کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تحصیل اوگی میں اے این پی دور حکومت میں کئی ہائیر سیکنڈری سکول بنائے گئے لیکن انٹر کلاسز چلانے کیلئے کسی بھی سکول میں ایس ایس سٹاف کی آسامیوں پر تقرریاں نہیں کی گئیں، سٹاف تعیناتی کا معاملہ ابھی تک اٹکا ہوا ہے، کلاس فور بھرتی کرنے سے ہائیر سیکنڈری سکولوں کے مقاصد پورے نہیں ہوتے۔

متعلقہ عنوان :

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں