ہزارہ یونیورسٹی میں بی ای/بی ایس سی کے سالانہ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنیوالے طلباء کے اعزاز میں تقریب

بدھ 19 ستمبر 2018 11:35

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ نے بی ای/بی ایس سی اور بی کام کے سالانہ امتحانات برائے سال 2018ء میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جن میں پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات اور ان کے والدین و عزیز و اقارب نے شرکت کی۔ بی اے کے سالانہ امتحان برائے 2018ء میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج نمبر1 مانسہرہ کی سماویہ رحمٰن نے پہلی جبکہ فاطمة الزھرہ گرلز ڈگری کالج مانسہرہ کی اذکا علی رحمن اور ردا نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

بی ایس سی میں نور گرلز کالج مانسہرہ کی ماریہ نور اور نمرہ ملک نے بالترتیب پہلی اور دوسری جبکہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج نمبر دو مانسہرہ کی عاتکہ خالد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

بی کام میں جناح کالج آف کامرس کی سنبل، اقصیٰ خان اور مریم نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تسیری پوزیشن حاصل کر لی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے کہا کہ پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات کے والدین مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنے بچوں پر سرمایہ کاری کی اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا۔

وائس چانسلر نے طلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا مطالب ڈگری لینا نہیں ہے، انسانی رویوں اور معاشرے میں مثبت تعمیری تبدیلی لانا بھی تعلیم کے ثمرات کا حصہ ہونا چاہئے، ہم نے تعلیم و تحقیق کی بدولت اس ملک کی تعمیری و ترقی کی بنیادی مضبوط کر کے اس کی معیشت کو مثالی بنانا ہے، اس سلسلہ میں یونیورسٹی کے ساتھ الحاق شدہ سرکاری و نجی تعلیمی ادارے اور یونیورسٹی نے مل جل کر تعلیمی سرگرمیوں میں وسعت اور معیار میں اضافہ کیلئے کام کرنا ہے۔

وائس چانسلر نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات، ان کے والدین، ان کے اساتذہ اور ان کے تعلیمی اداروں کے پرنسپل صاحبان کو مبارکباد دی اور امید اظہار کی کہ طلبہ و طالبات اعلیٰ تعلیم کا سلسلہ مزید جاری رکھ کر پاکستان کی حقیقی معنوں میں خدمت کا فریضہ سرانجام دیں گے اور معاشرے میں اپنی عزت اور وقار میں مزید اضافہ کا باعث ہوں گی۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کیلئے ہزارہ یونیورسٹی میں مزید اعلیٰ تعلیم کے موقع فری فراہم کئے جاتے ہیں تاکہ معیار تعلیم و تحقیق کے حوالہ سے حکومتی اقدامات کو تقویت ملے۔ تقریب سے کنٹرول امتحانات محبت خان نے کہا کہ وائس چانسلر کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے بی اے، بی ایس سی اور بی کام کے نتائج مرتب کرنے میں نہایت ذمہ داری شفافیت کے اصولوں کو مدنظر رکھا جائے تاکہ طلباء کو کسی پریشانی اور وقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر کی سپورٹ اور سرپرستی کی بدولت شعبہ امتحانات نے ایک معیار قائم کیا ہے اور وائس چانسلر کی دلچسپی اور لگاؤ کی بدولت ہماری کارکردگی میں بہتری اور وسعت پیدا ہوئی ہے جو اس ادارے کی تعمیر و ترقی اور اسے آگے لے جانے کا باعث ہو گی۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں