ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ڈائریکٹوریٹ آف کوالٹی انہانسمنٹ کے تحت ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی

جمعہ 22 نومبر 2019 19:56

ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ڈائریکٹوریٹ آف کوالٹی انہانسمنٹ کے تحت ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی
مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2019ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ڈائریکٹوریٹ آف کوالٹی انہانسمنٹ کے تحت منعقدہ ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی۔ ’’اپنا محاسبہ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ کا مقصد یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران، تعلیمی و انتظامی شعبوں کے سربراہان اور دیگر ملازمین میں خود تشخیصی نظام کے تحت یونیورسٹی کے تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی شعبوں میں بہتری لانا ہے۔

ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ لیفٹیننٹ کمانڈر (ر) ڈاکٹر محمود خان نے ورکشاپ کے شرکاء کو ’’اپنا محاسبہ‘‘ کے حوالہ سے آگاہی فراہم کی اور ورکشاپ کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں قائم کوالٹی انہانسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا مقصد تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں جاری سرگرمیوں کو مربوط کرنا اور ان میں بہتری اور وسعت لانا ہے۔

(جاری ہے)

ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے رجسٹرار محمد سجاد نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہوتے ہیں جن کی عزت اور احترام ہم پر لازم ہے، ملک کی مجموعی ترقی اور معاشرے کی بہتری اور فلاح میں اساتذہ کلیدی کردار کے حامل ہیں اور اس حوالہ سے ہماری بھرپور کوشش ہونی چاہئے کہ ہم یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء و طالبات اور سکالرز کی جدید خطوط پر رہنمائی کریں تاکہ وہ عملی زندگی میں قدم رکھ کر پاکستان کی بہتری اور مزید ترقی کیلئے کام کر سکیں۔

محمد سجاد نے کہا کہ جب تعلیمی ادارے ترقی کریں گے تو ان سے وابستہ طلباء و طالبات، ریسرچرز اور سکالرز ترقی کریں گے جس کا براہ راست اثر ملک کی مجموعی بہتری اور فلاح پر ہو گا اور ہم دنیا میں ایک ترقی یافتہ اور جدید ریاست کی شکل میں نمایاں ہوں گے۔ محمد سجاد نے مزید کہا کہ خود احتسابی کا عمل ہر وقت جاری رہنا چاہئے کیونکہ اس کی بدولت نہ صرف ہمیں اپنی غلطیوں کو سمجھنے اور ان سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے بلکہ بہتر سے بہتر کرنے کی جستجو پیدا ہوتی ہے جس سے درس و تدریس، کلاس رومز اور تحقیقی سرگرمیوں میں مزید بہتری اور وسعت آتی ہے۔

ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔ مذکورہ ورکشاپ تین سیشنز پر مشتمل تھی جس میں یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی شعبوں کے سربراہان، فیکلٹی ممبراز اور ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں