ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور حسین شاہ سے ڈی پی او مانسہرہ صادق بلوچ کی ملاقات

یونیورسٹی میں تعلیمی و تحقیقی پروگراموں، تعمیراتی منصوبوں اور مختلف تعلیمی شعبوں میں زیر تعلیم طلباء سے متعلق آگاہ کیا

پیر 17 فروری 2020 22:19

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور حسین شاہ سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ صادق بلوچ نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وائس چانسلر نے ڈی پی او مانسہرہ کو یونیورسٹی میں جاری تعلیمی و تحقیقی پروگراموں، تعمیراتی منصوبوں، ہم نصابی سرگرمیوں اور مختلف تعلیمی شعبوں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات اور سکالرز کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ یونیورسٹی کی سیکورٹی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

وائس چانسلر نے اس موقع کہا کہ یونیورسٹی کے 36 سے زائد تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں 12 ہزار سے زائد طلباء و طالبات اور سکالرز زیر تعلیم ہیں جن کا تعلق ملک بھر کے مختلف اضلاع سے ہے، یونیورسٹی انتظامیہ طلباء کو معیاری تعلیمی و تحقیقی مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر اور آئی ٹی کی بہترین سہولیات بھی فراہم کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے یونیورسٹی کے تعلیمی و تحقیقی پروگراموں میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور یونیورسٹی کیلئے ضلعی پولیس کے بھرپور تعاون کا اعادہ کیا۔ وائس چانسلر نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں