ہزارہ یونیورسٹی فزکس ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر جہاں اکبر نے نظریاتی طبیعات کے عالمی مرکز سے ’گیلیلیوڈینارڈو‘‘ ایوارڈ حاصل کر لیا

اتوار 21 اکتوبر 2018 16:30

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے فزکس ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر جہان اکبر نے طبیعات کے میدان میں تحقیقی سرگرمیوں کے عالمی شہرت یافتہ اطالوی ادارے نظریاتی طبیعات کے بین الااقوامی مرکز سے ’’گیلیلیوڈینارڈو‘‘ ایوارڈ حاصل کر لیا۔ہزارہ یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر جہان اکبر کو مذکورہ ایوارڈ فزکس کے شعبہ میں لیزر اور ایمپلیفائرجیسی پیچیدہ تحقیقی سرگرمیوں میں غیر معمولی تکنیکی مہارت اور نفاست سے لیزر شعاعوں کومزید بہتر بنانے پر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر جہان اکبر کی فزکس کے میدان میں غیر معمولی ریسرچ کو مد نظر رکھتے ہوئے محکمہ اعلیٰ تعلیم صوبہ خیبر پختونخواہ نے ڈاکٹر جہان اکبر کے لئے 32لاکھ روپے مالیت کا ایک ریسرچ پراجیکٹ بھی منظور کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس پراجیکٹ کے تحت ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے فزکس ڈیپارٹمنٹ میں دنیا کی تیسری اور پاکستان کی پہلی’’ آپٹیکل فوٹوتھرمل سیپکٹروسکوپی لیبارٹری ‘‘قائم کی جائے گی جس سے نہ صرف یونیورسٹی کے اساتذہ، سکالرز اور طلباء و طالبات مستفید ہونگے بلکہ ملکی سطح پر طبیعات کے شعبہ میں تحقیقی سرگرمیوں میں مزید وسعت آئے گی۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے ڈاکٹر جہان اکبر کو’’ گیلیلیوڈینارڈوایوارڈ‘‘ اور صوبائی حکومت سے تحقیقی سرگرمیوں کے لئے پراجیکٹ حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ڈاکٹر جہان اکبر کی ریسرچ فزکس کے میدان میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کی بدولت یونیورسٹی میں جاری تحقیقی سرگرمیوں میں مزید بہتری آئے گی۔

متعلقہ عنوان :

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں