بلاشبہ عقیدہ ختم نبوت ایمان کا حصہ ہے، صحابہ کرامؓ نے عشق رسولؐ اور جذبہ ایمانی کے تحت دین کا پیغام پہنچایا

ممتاز عالم دین اور مذہبی سکالر مولانا حبیب الرحمن کا جامع مسجد عائشہ اہلحدیث مانسہرہ میں سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 15 دسمبر 2018 19:30

مانسہرہ۔ 15 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) ممتاز عالم دین اور مذہبی سکالر مولانا حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ بلاشبہ عقیدہ ختم نبوت ایمان کا حصہ ہے، صحابہ کرام نے عشق رسولؐ اور جذبہ ایمانی کے تحت دین کا پیغام پہنچایا جس کی بدولت حضرت ابوبکر صدیقؓ کو صداقت کا فیض ملا، حضرت عمرؓ کو عدالت کا، حضرت عثمانؓ کو حیاء و غناء اور حضرت علیؓ کو شجاعت کا فیض عطا کیا گیا اور حضرت امام حسینؓ اسی جذبہ کے تحت مقام رضا پر فائز ہوئے۔

وہ ہفتہ کو جامع مسجد عائشہ صدیقہ اہلحدیث دارہ مانسہرہ میں سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسی عشق رسولؐ اور جذبہ ایمانی کا تسلسل ہی کہ آپؐ نے ایمان، اخلاق اور عمل کے حسین امتزاج سے ایک بے مثال انسانی معاشرہ برپا کر کے دکھایا، دنیا جانتی ہے کہ نبی عربی حضرت محمدؐ انسانیت کے اس برگزیدہ گروہ سے تعلق رکھتے ہیں جو قدیم ترین زمانہ سے نوع انسانی کو خدا پرستی اور حسن اخلاق کی تعلیم دینے کیلئے اٹھتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اہلحدیث یوتھ فورس خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر مولانا سرفراز خان فاروقی اور نائب خطیب اہلحدیث بالاکوٹ ڈاکٹر مولانا فہیم الاسلام صدیقی نے کہا کہ رسولِ کائناتؐ نے نسلِ انسانی کیلئے نمونہ کاملہ اور اسوہ حسنہ بنایا ہے، محسن انسانیت کے معمولات زندگی ہی قیامت تک کیلئے شعار و معیار ہیں، یہی وجہ ہے کہ سیرت النبیؐ کا ہر گوشہ تابناک اور ہر پہلو روشن ہے، یومِ ولادت سے لیکر روزِ رحلت تک کے ہر ہر لمحہ کو قدرت نے لوگوں سے محفوظ کرا دیا ہے، آپؐ کی ہر ادا کو آپ صلی الله علیہ وسلم کے متوالوں نے محفوظ رکھا ہے اور سند کے ساتھ تحقیقی طور پر ہم تک پہنچایا ہے۔

متعلقہ عنوان :

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں