بفہ خورد میں چور دن دیہاڑے گھر میں داخل ہو کر 6 لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے

جمعرات 31 جنوری 2019 15:30

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2019ء) بفہ خورد کے مین بازار سے ملحقہ گلی میں چور اہل خانہ کی عدم موجودگی میں دن دیہاڑے گھر کے مین گیٹ کا تالہ توڑ کر 6 لاکھ روپے کی نقدی، غیر ملکی کرنسی، لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، دو عدد موبائل سمیت دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ شہر میں ایک ہفتہ کے دوران چوری کی متعدد وارداتوں اور پولیس کی مجرمانہ غفلت کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے، پولیس واردات کی بروقت اطلاع کے باوجود دو گھنٹے تاخیر سے پہنچی۔

(جاری ہے)

شہر میں منشیات کے بڑھتے ہوئے کاروبار، چوری کی پے در پے وارداتوں اور پولیس کی ناقص کارکردگی پر شہریوں نے (آج) جمعتہ المبارک کو احتجاج کیلئے مشاورت شروع کر دی ہے۔ گذشتہ روز دن 12 بجے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ٹی سی ایل ذوالفقار احمد اور سجاد حسین پسران حاجی نذیر سکنہ بفہ خورد کے اہل خانہ عزیزوں کے ہاں گئے ہوئے تھے کہ چور اہل خانہ کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مین گیٹ سے گھر میں داخل ہوئے، مالکان کے مطابق چوروں نے گھر میں موجود 6 لاکھ روپے کی نقدی، 200 یورو، غیر ملکی کرنسی، 6 تولے طلائی زیورات، دو چاندی کے سیٹ اور دو عدد قیمتی موبائل سمیت دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں